حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرِ معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سیّد مجتبیٰ حسینی خامنہای نے علی لاریجانی (سیکرٹری سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل) اور غلامرضا سلیمانی (سربراہ بسیج مستضعفین) کی شہادت پر الگ الگ تعزیتی پیغامات جاری کیے۔
ذیل میں شہید ڈاکٹر علی لاریجانی کے نام تعزیتی پیغام کا متن پیش ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
"ولاتَحسبَنَّ الّذینَ قُتِلوا فی سبیلِاللهِ اَمواتاً بَل اَحیاءٌ عِندَ رَبِّهِم یُرزَقون"
بہت افسوس کے ساتھ مجھے یہ دردناک خبر موصول ہوئی کہ ڈاکٹر علی لاریجانی، جو سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اور اس میں رہبر کے نمائندہ تھے، اپنے فرزند اور بعض ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہو گئے ہیں۔
وہ ایک صاحبِ علم، دوراندیش، ذہین، باعزم اور مختلف سیاسی، عسکری، سکیورٹی، ثقافتی اور انتظامی میدانوں میں وسیع تجربات کے حامل فرد تھے۔ تقریباً پانچ دہائیوں تک اسلامی نظام کے مختلف شعبوں میں ان کی خدمات نے انہیں ایک ممتاز اور نمایاں شخصیت بنا دیا تھا۔
بلاشبہ ایسی شخصیت کا قتل اس بات کی علامت ہے کہ وہ کس قدر اہم تھے اور دشمنانِ اسلام ان کے خلاف کس قدر بغض رکھتے تھے۔ اسلام دشمن عناصر کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایسے خونوں کا بہنا، اسلامی نظام کے تناور درخت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ یقیناً ہر خون کی ایک قیمت ہوتی ہے، جسے ان مجرم قاتلوں کو بہت جلد ادا کرنا ہوگا۔
میں اس سانحے پر ان کی معزز اہلیہ، دیگر فرزندان، تمام پسماندگان، بالخصوص آیت اللہ آملی لاریجانی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں، اور ان شہداء کے لیے بارگاہِ الٰہی سے بلندی درجات کی دعا کرتا ہوں۔
سیّد مجتبیٰ حسینی خامنہای
اور اسی طرح رہبرِ معظم انقلاب نے شہید غلامرضا سلیمانی کے نام تعزیتی پیغام جاری کیا گیا ہے جو آپ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے ۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
"مِنَ المُؤمِنینَ رِجالٌ صَدَقوا ما عاهَدوا اللهَ علیهِ فَمِنهُم مَن قَضی نَحبَهُ وَ مِنهُم مَن یَنتَظِرُ وَ ما بَدَّلوا تَبدیلاً"
سردار سرلشکر غلامرضا سلیمانی، سربراہ بسیج مستضعفین، کی شہادت کی افسوسناک خبر موصول ہوئی جس سے شدید رنج اور دکھ ہوا۔ وہ ایک عرصے سے راہِ خدا میں جدوجہد اور خدمت میں مصروف تھے اور اس میدان میں انہوں نے گراں قدر تجربات حاصل کیے تھے۔
اس مجاہد کمانڈر کا قتل اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بسیج کی اہمیت کس قدر زیادہ ہے اور دشمنِ بدطینت اس کا سامنا کرنے سے کس قدر خوفزدہ ہے۔
میں اس المناک سانحے پر اس عظیم شہید کے معزز اہلِ خانہ، سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی میں ان کے تمام ساتھیوں، اور تمام عزیز بسیجیوں—جن میں خود کو سب سے ادنیٰ سمجھتا ہوں—کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اس عزیز کو بلند و برتر مقام عطا فرمائے۔
سیّد مجتبیٰ حسینی خامنہای









آپ کا تبصرہ