حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ پوری دنیا جان لے کہ ایران کے عوام اور ذمہ داران مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دشمن کی تمام سازشیں اور فریب ناکام ہوں گے اور ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے یہ بیان امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر مخالف قوتوں کی جانب سے ایران میں اختلاف پیدا کرنے کی کوششوں کے جواب میں جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات دراصل اس کی دشمنی، کینہ اور شکست کا اظہار ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف اس کی اندرونی بے چینی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ امریکی معاشرے کے اندر پائے جانے والے اختلافات اور سیاسی بحران کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی آج شدید الجھن اور کمزوری کا شکار ہیں، جبکہ خطے کے عوام جنگ، جارحیت اور ظلم کے خلاف متحد ہو رہے ہیں۔ ایران اور مزاحمتی محاذ کی استقامت نے امریکی-صہیونی محاذ کو مزید پریشان کر دیا ہے۔ آیت اللہ اعرافی کے مطابق، ٹرمپ کے بیانات اسی ناکامی اور بے بسی کا نتیجہ ہیں اور ان کا مقصد صرف ایران کے اندر اختلاف پیدا کرنا ہے، جو کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج ایران کے عوام، حکومت، ادارے اور مزاحمتی قوتیں پہلے سے زیادہ متحد اور منظم ہیں اور دشمن کی ہر چال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد رہبر معظم انقلاب اسلامی کی قیادت میں مزید مضبوط ہو رہا ہے اور قوم اپنے وقار، عزت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ دینی ادارے، علماء اور حوزہ علمیہ کے تمام افراد بھی اس راستے پر ثابت قدم ہیں۔ انہوں نے امام خمینیؒ، رہبر انقلاب اور دیگر مراجع کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے ایران کی آزادی، عزت اور اسلامی اقدار کے دفاع کا عزم دہرایا۔
انہوں نے آخر میں ٹرمپ کے بیانات کو بے بنیاد اور خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کے عوام اور قیادت کے درمیان اختلاف پیدا کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اسلام، انقلاب اسلامی ایران اور محورِ مقاومت کو کامیابی نصیب ہو۔









آپ کا تبصرہ