حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے مدیر آیت اللہ علی رضا اعرافی کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
أَلَا إِنَّ نَصْرَ اللَّهِ قَرِیبٌ
اللہ کے فضل و کرم سے اور امام (خمینی) و انقلاب اسلامی کے سایے میں، شہدائے بزرگوار اور عزیز شہید رہنما کے پاک خونوں کی برکت سے، عظیم ایرانی قوم اور محورِ مقاومت کی بے مثال جدوجہد، عزیز فوجی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانفشانیوں، ملک کے ذمہ داران اور منتظمین کی کاوشوں اور رہبر معظم، مراجع عظام، حوزه و یونیورسٹی کے ممتاز افراد کی رہنمائیوں سے ہمارا عزیز و سرفراز وطن ایران، محورِ مزاحمت، اسلامی انقلاب اور امتِ مسلمہ نے تاریخ کے اس اہم موڑ اور حق و باطل کی اس عظیم کشمکش میں عظیم تمدنی اور حکمتِ عملی کی حامل کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
اسلام اور انقلاب اسلامی کی نورانیت کی یہ تابانی، ناتواں اور ظالم دشمنوں کی مجبوری، اور عالمی توازن و مساوات میں تبدیلی قابلِ تعریف اور قابلِ ستائش ہے اور اس پر ہمیں بارگاہِ الٰہی میں شکر بجا لانا چاہیے۔
اب اس روشن، حسّاس اور مشکلات و پیچیدگیوں سے بھرے راستے کے بیچ اور اس تاریخی اور تقدیر ساز معرکے کے دوران سب کو چاہیے کہ خدا کے حضور گڑگڑائیں اور التجا کریں، اولیائے الٰہی، امام زمانہ (عج) اور عظیم شہداء سے مدد طلب کریں اور استقامت، میدان میں مضبوط موجودگی، صفوں کی اتحاد و یکجہتی اور ہوشیاری و بہادری کے ساتھ راہِ خدا میں جہاد کا سفر جاری رکھیں۔ یقیناً عظیم قوم، عزیز نوجوان، امتِ مسلمہ کے مجاہدین اور محورِ مزاحمت اس الٰہی عہد پر ثابت قدم رہیں گے اور ایران و امتِ مسلمہ پر حملہ آوروں، عہد شکنوں اور استکباری طاقتوں پر مکمل فتح حاصل ہونے تک نہیں رُکیں گے اور تمام فوجی، سیاسی، معاشی، ثقافتی اور سائنسی محاذوں پر بھرپور مزاحمت جاری رکھیں گے۔ بے شک اللہ کی نصرت اور غیبی امداد نازل ہوگی اور آسمانی فتوحات اور اس سے بھی بڑی کامیابیاں عنقریب آئیں گی، ان شاء اللہ۔
علماء کرام اور حوزه علمیہ (دینی مدارس) ہمیشہ میدانوں میں حاضر، عوام کے ہمراہ، ملت کے خادم، راہِ خدا میں مجاہدت اور اسلام، ایران اور امت اسلامی کے سپاہی کے طور پر موجود رہیں گے اور پچھلے دو ماہ سے جاری کامیابی کے راستے کو مزید استواری کے ساتھ جاری رکھیں گے اور وہ اس مقدس دفاع میں کردار ادا کرنا اپنا پہلا فرض اور اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔
وَمَا النَّصْرُ إِلَّا مِنْ عِنْدِ اللَّهِ الْعَزِیزِ الْحَکِیمِ
علی رضا اعرافی
مدیر حوزه علمیه









آپ کا تبصرہ