جمعرات 30 اپریل 2026 - 11:21
سیرتِ امام رضا علیہ السلام؛ انسانی کرامت سے مہذب معاشرے تک

حوزہ/آج کا دور تیز رفتار اطلاعات، سوشل میڈیا کے دباؤ اور فوری ردِعمل کا دور ہے، جہاں اکثر انسان ایک دوسرے کے بارے میں بغیر سوچے سمجھے رائے قائم کر لیتے ہیں۔ نتیجہ میں تحقیر، عدم برداشت اور انسانی وقار کی پامالی ایک عام رویہ بنتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں امام رضا علیہ السلام کی سیرت ہمیں ایک ایسا روشن اور متوازن راستہ دکھاتی ہے جو نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کو انسانیت، احترام اور مہربانی کی بنیاد پر استوار کر سکتا ہے۔

تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی| آج کا دور تیز رفتار اطلاعات، سوشل میڈیا کے دباؤ اور فوری ردِعمل کا دور ہے، جہاں اکثر انسان ایک دوسرے کے بارے میں بغیر سوچے سمجھے رائے قائم کر لیتے ہیں۔ نتیجہ میں تحقیر، عدم برداشت اور انسانی وقار کی پامالی ایک عام رویہ بنتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں امام رضا علیہ السلام کی سیرت ہمیں ایک ایسا روشن اور متوازن راستہ دکھاتی ہے جو نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کو انسانیت، احترام اور مہربانی کی بنیاد پر استوار کر سکتا ہے۔

امام علی رضا علیہ السلام کی تعلیمات کا بنیادی نکتہ "کرامتِ انسانی" ہے۔ آپ نے واضح طور پر اس بات پر زور دیا کہ ہر انسان اپنی ذات میں قابلِ احترام ہے، خواہ اس کا تعلق کسی بھی نسل، طبقہ یا معاشرتی حیثیت سے ہو۔ آپ کی عملی زندگی اس بات کی بہترین مثال ہے کہ حقیقی عظمت انسانوں کے ساتھ برابری، عاجزی اور محبت کے رویے میں پوشیدہ ہے۔ جب آپ اپنے خادموں کو اپنے دسترخوان پر ساتھ بٹھاتے تھے تو دراصل آپ ایک عملی درس دے رہے ہوتے تھے کہ اللہ کے نزدیک سب انسان برابر ہیں، اور برتری کا معیار صرف تقویٰ ہے۔

یہ طرزِ فکر آج کے معاشرے کے لئے نہایت اہم ہے۔ اگر ہم اپنے روزمرہ تعلقات میں احترام اور برداشت کو شامل کر لیں تو بہت سی سماجی برائیاں خود بخود ختم ہو سکتی ہیں۔ گھریلو زندگی ہو یا پیشہ ورانہ ماحول، استاد اور شاگرد کا تعلق ہو یا مالک اور مزدور کا، ہر جگہ باہمی عزت اور انصاف کو فروغ دینا ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ قرآن مجید میں بھی انسان کی تکریم کو ایک بنیادی حقیقت کے طور پر بیان کیا گیا ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ انسانی وقار کوئی اختیاری چیز نہیں بلکہ ایک فطری حق ہے۔

امام علی رضا علیہ السلام کی تعلیمات صرف تھیوری نہیں بلکہ مکمل طور پر عملی اور پریکٹیکل ہیں۔ آپ نے اپنے کردار سے یہ ثابت کیا کہ محبت اور احترام کے ذریعہ دلوں کو جیتا جا سکتا ہے۔ آج جب سوشل میڈیا پر سخت اور بے رحم تبصرے عام ہو چکے ہیں، ایسے میں اگر ہم امام علی رضا علیہ السلام کی سیرت کو اپنائیں تو ہم نہ صرف اپنی زبان اور رویے کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ایک مثبت اور تعمیری معاشرتی ماحول بھی پیدا کر سکتے ہیں۔

خاص طور سے نوجوان نسل کے لئے یہ تعلیمات بے حد اہم ہیں۔ ایک ایسا نوجوان جو اپنی اور دوسروں کی عزت کو سمجھتا ہے، وہ نہ صرف خود برائیوں سے دور رہتا ہے بلکہ معاشرے کے لئے بھی ایک مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ کرامتِ نفس دراصل ایک حفاظتی حصار کی طرح ہے جو انسان کو اخلاقی گراوٹ سے بچاتا ہے۔ جب نوجوان یہ شعور حاصل کر لیتا ہے کہ اس کی اپنی قدر ہے اور دوسروں کی عزت بھی اسی طرح ضروری ہے، تو وہ اپنی شناخت کو کسی منفی عمل کے ذریعہ مجروح نہیں کرتا۔

اسی طرح ایک ایسا معاشرہ جہاں نوجوانوں کو عزت، اعتماد اور اظہار کی آزادی میسر ہو، وہ نہ صرف ذہنی طور پر مضبوط ہوتا ہے بلکہ ترقی کی راہ پر بھی تیزی سے گامزن ہوتا ہے۔ امام رضا علیہ السلام کی سیرت ہمیں یہی سکھاتی ہے کہ حقیقی ترقی صرف مادی نہیں بلکہ اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر ہوتی ہے۔

درحقیقت، یہ فکر ہمیں ایک باوقار طرزِ زندگی کی دعوت دیتی ہے، ایسی طرزِ زندگی جس میں مہربانی، خودداری اور ذاتی ارتقا ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔ اگر ہم اس پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو نہ صرف ہمارے تعلقات بہتر ہوں گے بلکہ ہمارا معاشرہ بھی ایک مثالی، پُرامن اور بااخلاق معاشرہ بن سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha