جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 16:33
دنیا پروانوں کی طرح محورِ مقاومت کی جانب بڑھ رہی ہے / مغرب کی کھوکھلی ثقافت کے بجائے شہداء کے نقشِ قدم پر چلیں

حوزہ / ایران کے شہر قم المقدسہ میں سید مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کی برسی کے موقع پر منعقدہ شہدائے مقاومت کانفرنس کے دوران حجت الاسلام والمسلمین یوشع ظفر حیاتی نے حوزہ نیوز کے نمائندہ سے گفتگو کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سید مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کی برسی کے موقع پر قم المقدسہ میں منعقدہ شہدائے مقاومت کانفرنس کے دوران حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام والمسلمین یوشع ظفر حیاتی نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت اسی انداز سے محورِ مقاومت کی جانب بڑھ رہی ہے جس طرح پروانے شمع کے گرد جمع ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا: محورِ مقاومت کی جانب دنیا کے اس حیرت انگیز رجحان میں ایک اور مماثلت یہ ہے کہ لوگ اب دشمن کے کسی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہو رہے بلکہ پوری آمادگی کے ساتھ اس راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین یوشع ظفر حیاتی نے رہبرِ شہید (رہ) کی شہادت کے بعد نوجوانوں کے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ واقعہ بھی اس بات کی واضح مثال ہے کہ جب کراچی سے پاراچنار تک لوگوں کو اپنے عزیز رہبر کی شہادت کی خبر ملی تو انہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر احتجاج ریکارڈ کروایا جبکہ دشمن نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے نوجوانوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ نوجوان شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا: گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلمانوں نے صدیوں پر محیط ظلم و ستم کا مشاہدہ کیا ہے، تاہم ان تمام مصائب میں ایک پہلو اطمینان بخش ہے کہ آج ہمارا بچہ بچہ قرآن کریم کی اس تعلیم سے بخوبی آگاہ ہوچکا ہے کہ یہود و نصاریٰ تمہارے دوست نہیں ہوسکتے۔

شہید سید حسن نصر اللہ شہید (رہ) کی ولی فقیہ سے وفاداری مشعل راہ ہے

حجت الاسلام والمسلمین یوشع ظفر حیاتی نے سید مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: سید مقاومت کی ایک اہم خصوصیت، جو انہیں دیگر علمائے کرام سے ممتاز کرتی ہے، یہ تھی کہ عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت حاصل ہونے کے باوجود وہ اپنی شہادت تک ولی فقیہ کے تابع رہے اور دوسروں کو بھی اس کی تاکید کرتے رہے۔

دنیا پروانوں کی طرح محورِ مقاومت کی جانب بڑھ رہی ہے / مغرب کی کھوکھلی ثقافت کے بجائے شہداء کے نقشِ قدم پر چلیں

انہوں نے کہا: شہید سید حسن نصر اللہ شہید (رہ) کا یہ طرزِ عمل ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے کہ ہم ہمیشہ ولی فقیہ کے تابع رہیں اور اس راستے میں کسی تعلل، تردد یا شک و شبہ کے بغیر اپنے پورے وجود کے ساتھ اسلام کی خدمت کریں۔

ایران اور یمن نے عالمی استعمار و استکبار کا گلا دبوچ رکھا ہے

خطے کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے حجت الاسلام حیاتی نے کہا: اس وقت خطہ تیزی سے اپنی تقدیر بدل رہا ہے، جس کا سہرا خطے کے مستضعف ترین ممالک ایران اور یمن کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا: دنیا کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ یہ دونوں آبنائیں صرف آبی گزرگاہیں نہیں بلکہ عالمی معیشت اور زندگی کی شہہ رگ ہیں، جن پر اس وقت ایران اور یمن کا مؤثر کنٹرول ہے۔ گویا ایران اور یمن نے عالمی استعمار و استکبار کا گلا دبوچ رکھا ہے، جو اس طاقتور شکنجے میں بری طرح پھڑپھڑا رہا ہے، تاہم ہاتھ پاؤں مارنے اور چیخنے چلانے کے علاوہ کچھ نہیں کر پا رہا۔

نوجوان، شہداء کی پیروی کریں

حجت الاسلام والمسلمین یوشع ظفر حیاتی نے نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا: موجودہ دور میں نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ مغرب کی کھوکھلی ثقافت کی پیروی کرنے کے بجائے ان شہداء کے نقشِ قدم پر چلیں جنہوں نے وسائل اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha