حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے شام میں دہشت گرد گروہ تحریر الشام کے ہاتھوں بے گناہ عوام کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وحشیانہ کارروائیاں نہ صرف اسلامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق بھی جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔
اپنے مذمتی بیان میں آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ اسلام میں انسانی جان کی حرمت کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے اور قرآن کریم واضح طور پر فرماتا ہے: "وَلَا تَقْتُلُوا النَّفْسَ الَّتِی حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالْحَقِّ" (سورہ اسراء، آیت 33)، یعنی کسی بے گناہ کا قتل حرام ہے۔ شامی عوام پر ہونے والے حملے اسلامی تعلیمات اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریر الشام جیسے مسلح گروہوں کے مظالم نہ صرف شامی عوام کے لیے تباہ کن ہیں بلکہ امت مسلمہ میں تفرقہ اور بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بربریت کا فوری نوٹس لیں اور جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ شام میں جاری بحران کا حل قتل و غارت گری میں نہیں بلکہ باہمی مفاہمت، اسلامی اخوت اور قومی یکجہتی میں مضمر ہے۔ انہوں نے تمام علمائے کرام اور دیگر مذاہب کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اس غیر انسانی ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
آپ کا تبصرہ