حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد چھوترون میں "استقبالِ ماہ محرم" اور "انجمنِ امامیہ شگر بلتستان کی تقریب حلف برداری" کے سلسلے میں ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا؛ اس پروقار تقریب میں ضلع بھر کے جید علمائے کرام، خطباء، ذاکرین، واعظین، علاقے کے عمائدین اور عوام الناس نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید آغا باقر الحسینی (صدر انجمن امامیہ بلتستان) اور نائب صدر انجمنِ امامیہ بلتستان حجۃ الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔
سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلام الٰہی سے ہوا، جس کے بعد شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چھورکاہ شگر مدرسہ مشکاۃ النور کے حفاظ کرام نے بہترین صوت و لحن میں تلاوت کی سعادت حاصل کی، جبکہ تواشی گروپ نے اپنی پراثر آواز سے محفل کو پرکیف بنایا۔
مقررین و خطباء نے ماہِ محرم کے آداب، روایتی کے بجائے سنتی مجالس کے انعقاد اور اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔مقررین نے بالخصوص اس بات پر تاکید کی کہ محرم الحرام میں "ولایت" کو موضوع بحث بنایا جائے اور "روح عاشورا"نیز مقاصد قیام امام حسینؑ کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔
تقریب کے ایک اہم حصے میں صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا باقر الحسینی نے صدر انجمن امامیہ شگر و سربراہ محکمہ شرعیہ، حجۃ الاسلام والمسلمین سید عباس الموسوی سے حلف لیا۔
اپنے خطاب میں آغا باقر الحسینی نے جہادِ مالی کے سلسلے میں اہلِ شگر کی جانب سے کیے جانے والے بھرپور تعاون پر مومنین و مومنات کا شکریہ ادا کیا اور علماء کرام سمیت عوام الناس کو آئندہ کے حالات کے پیشِ نظر مستعد رہنے کی تاکید کی۔
سیمینار کے اختتامی مرحلے میں حجۃ الاسلام سید عباس الموسوی نے تحفظِ عزاداری اور بدعات کی روک تھام پر سیر حاصل گفتگو کی اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائے امامِ زمانہ (عج) کے ساتھ ہوا۔









آپ کا تبصرہ