جمعرات 25 جون 2026 - 12:24
مالِ حرام انسان کو راہِ حق سے دور کر دیتا ہے: مولانا سید اشرف علی الغروی

حوزہ/ مولانا سید اشرف علی الغروی نے اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اہلِ بیت علیہم السلام اللہ تعالیٰ کے مخلص ترین بندے تھے اور ان کا ہر عمل خالصتاً رضائے الٰہی کے حصول کے لئے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی مخالفت دراصل اخلاص کی کمی اور دنیا پرستی کا نتیجہ تھی۔ تاہم ہر دور میں ایسے مخلص افراد بھی موجود رہے ہیں جنہوں نے حق کا ساتھ دیا، اگرچہ تاریخ گواہ ہے کہ مخلصین کی تعداد ہمیشہ کم رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ دفترِ نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ میں جاری عشرۂ مجالسِ عزا کی آٹھویں مجلس کا آغاز مولانا قمر الحسن زینبی نے تلاوتِ قرآنِ کریم اور زیارتِ عاشورا سے کیا۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے امام حسین علیہ السلام کے خطبات کی روشنی میں حق و باطل کی پہچان، اخلاصِ عمل اور حلال و حرام کے انسانی کردار پر اثرات کے موضوعات پر گفتگو کی۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے فرمایا کہ جب انسان کا پیٹ مالِ حرام سے بھر جاتا ہے تو وہ راہِ حق پر ثابت قدم نہیں رہ پاتا۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا میں بھی بہت سے لوگ حق کو پہچاننے کے باوجود اس کا ساتھ نہ دے سکے، کیونکہ ان کے قلوب اور افکار حرام مال کے اثرات سے آلودہ ہو چکے تھے۔

انہوں نے ہجرتِ مدینہ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد فرمایا تھا: "میری اونٹنی کو چھوڑ دو، یہ اللہ کے حکم کے تحت چل رہی ہے، جہاں یہ رکے گی وہی میرا قیام ہوگا۔" مولانا سید اشرف علی الغروی نے کہا کہ جب رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اونٹنی بھی حکمِ الٰہی کی پابند تھی تو خود رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم مقام، اطاعتِ الٰہی اور بلند مرتبے کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد نے مالِ غنیمت کی تقسیم کے حوالے سے اعتراض کیا، جس کے نتیجے میں ان کے دل نورِ ایمان سے محروم ہو گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اعتراض ایمان کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے تو نافرمانی، شک اور انکار کی روش اختیار کرنے والوں کو اپنے ایمان اور اعمال کا سنجیدگی سے محاسبہ کرنا چاہیے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اہلِ بیت علیہم السلام اللہ تعالیٰ کے مخلص ترین بندے تھے اور ان کا ہر عمل خالصتاً رضائے الٰہی کے حصول کے لئے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی مخالفت دراصل اخلاص کی کمی اور دنیا پرستی کا نتیجہ تھی۔ تاہم ہر دور میں ایسے مخلص افراد بھی موجود رہے ہیں جنہوں نے حق کا ساتھ دیا، اگرچہ تاریخ گواہ ہے کہ مخلصین کی تعداد ہمیشہ کم رہی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha