حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملاقات کے آغاز میں علامہ سید رشید الحسینی نے مولانا احتشام الحسن کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہندوستان میں محبان اہل بیت علیہم السلام کی دینی و علمی خدمات کو سراہا۔
ملاقات میں ادارۂ المؤمل کی علمی، تحقیقی اور تبلیغی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ بالخصوص برصغیر میں دینی ضروریات، علمی تقاضوں اور جدید ذرائع کے ذریعے دینی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
مولانا احتشام الحسن نے مؤسسۃ المصطفیٰ کے ساتھ علمی و تبلیغی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اردو زبان میں دینی رہنمائی فراہم کرنے والی "المجیب" ایپلیکیشن سے استفادہ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔
علامہ سید رشید الحسینی نے مؤسسۃ المصطفیٰ کی مختلف علمی، تحقیقی اور تبلیغی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا: مؤسسۃ المصطفیٰ دینی بصیرت کی ترویج، احکامِ شرعیہ سے آگاہی اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی نشر و اشاعت کے لیے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا: مؤسسۃ المصطفیٰ کی الیکٹرانک خدمات میں "المجیب" ایپلیکیشن کو نمایاں مقام حاصل ہے، جو اردو، انگریزی سمیت متعدد زبانوں میں دینی مسائل اور شرعی رہنمائی فراہم کر رہی ہے اور دنیا بھر میں اہل ایمان اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر ادارۂ المؤمل کے وفد نے علامہ سید رشید الحسینی کو ادارے کی جانب سے شائع کردہ کتب اور دیگر مطبوعات پیش کیں۔
ملاقات کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات نجف اشرف اور ہندوستان کے درمیان علمی، ثقافتی اور دینی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔









آپ کا تبصرہ