حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان بھر میں شہیدانِ کربلا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کا سلسلہ جاری ہے۔اسی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی بتاریخ ۵؍اگست بروز بدھ مبارکپور ضلع اعظم گڑھ میں شہیدانِ کربلا کے چہلم کا قدیم روایتی اور عظیم الشان جلوس محلہ شاہ محمد پور سے برآمد ہوا جو گولہ بازار واقع قدم رسول ہوتا ہوا شاہ کے پنجے سکٹھی پہونچ کر بخیر خوبی اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر مولانا ابن حسن املوی واعظ نے بتایا کہ مبارک پور میں چہلم کے جلوس میں حتی الامکان وقت کی پابندی کی جاتی ہے۔چنانچہ ا؍بجے دن میں جلوس شروع ہوا اور رات قریب ساڑھے نو بجے تمام ہوا۔
اس دوران مقامی ماتمی انجمنوں انجمن انصار حسینی قدیم رجسٹرڈ،انجمن انصار حسینی رجسٹرڈ،انجمن معصومیہ رجسٹرڈ ،انجمن عزادار حسینی رجسٹرڈ نے جلوس میں نوحہ خوانی و ماتم پیش کیا اور رسول خدا کو ان کے پیارے نواسے امام حسین علیہ السلام اور دیگر شہیدوں کا پرسہ پیش کیا۔
ہرسال کی طرح اس سال بھی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کا زبردست بند وبست تھا۔اس سال جلوس کے موقع پر زوردار موسلا دھار بارش جاری تھی پھر بھی ماتمداروں کے جوش و جذبہ ٔ محبت میں کوئی کمی نہیں ہوئی بلکہ عقیدت و محبت کی حرارت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
اس موقع پر کثیر تعداد میں بلا امتیاز مذہب و مسلک لوگوں نے شرکت کی۔جلوس انتہائی پرامن طور پر بخیر خوبی اختتام پذیر ہوا۔









آپ کا تبصرہ