بدھ 12 اگست 2026 - 15:26
ہندوستان؛ مولانا وسیم حیدر ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے

حوزہ/ نہایت افسوس اور رنج و الم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ مولانا وسیم حیدر، موضع گوسڑی، ننداؤں، ضلع اعظم گڑھ آج ایک سڑک حادثے میں انتقال فرما گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی: نہایت افسوس اور رنج و الم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ مولانا وسیم حیدر، موضع گوسڑی، ننداؤں، ضلع اعظم گڑھ آج ایک سڑک حادثے میں انتقال فرما گئے۔

مولانا وسیم حیدر مرحوم ایک باصلاحیت عالمِ دین ہونے کے ساتھ ساتھ عمدہ ذاکر اور مؤثر خطیب بھی تھے۔

ان کے اندازِ خطابت کا ایک نمایاں اور قابلِ تحسین پہلو یہ تھا کہ وہ ہمیشہ مستند اور معتبر روایات کو بنیاد بنا کر مجالسِ عزا سے خطاب کیا کرتے تھے۔

ان کی ذاکری میں تحقیق، مطالعہ اور روایت کی صحت کا خاص اہتمام نمایاں تھا۔

مرحوم کی علمی دیانت اور احتیاط کا یہ عالم تھا کہ متعدد مرتبہ ایسا بھی ہوا کہ انہوں نے مجالس کا وعدہ کرنے سے معذرت کرلی اور اس کی وجہ یہ بیان کی کہ اس سال مجالس عزا خطاب کرنے کے لیے معتبر روایات کی مطلوبہ تحقیق مکمل نہیں کر پائے ہیں۔ یہ طرزِ عمل ان کی علمی ذمہ داری، احتیاط اور روایت کے معاملے میں غیر معمولی سنجیدگی کی روشن مثال تھا۔

گزشتہ کئی برسوں سے ایامِ عزاء کے دوران ہمارے وطن نگرور ضلع بہرائچ میں بھی وہ مسلسل مجالسِ عزا سے خطاب فرماتے رہے۔ ان کی ذاکری واقعی مؤثر، پُرمغز اور معتبر تھی اور اہلِ مجلس ان کے علمی و خطیبانہ انداز سے بھرپور استفادہ کرتے تھے۔

مولانا کا اچانک سانحۂ ارتحال یقیناً علمی و ذاکری حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

پروردگارِ عالم مرحوم کے درجاتِ بلند فرمائے، ان کی خدماتِ دینی و تبلیغی کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور تمام پسماندگان، متعلقین اور سوگواران کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عنایت فرمائے۔ آمین۔

شریکِ غم:سید قائم مہدی نقوی تذہیب نگروروی

١٢ اگست ٢٠٢٦ بروز بدھ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha