جمعرات 6 اگست 2026 - 03:13
یومِ اربعین، شہادتِ عظمیٰ کے پیغام کی ترویج کے حوالے سے تاریخ ساز دن: آقا سید حسن موسوی

حوزہ/جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے یومِ اربعین حسینیؑ کے موقع پر حسب روایت وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں خصوصی مذہبی تقریبات، مجالسِ عزاء اور جلوس ہائے عزا و ذوالجناح عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے یومِ اربعین حسینیؑ کے موقع پر حسب روایت وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں خصوصی مذہبی تقریبات، مجالسِ عزاء اور جلوس ہائے عزا و ذوالجناح عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئے۔

یومِ اربعین، شہادتِ عظمیٰ کے پیغام کی ترویج کے حوالے سے تاریخ ساز دن: آقا سید حسن موسوی

مجالسِ عزاء اور جلوس عزاء میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کرکے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

اربعین کے مرکزی اجتماعات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور زیلدار محلہ، سعیدہ کدل، سری نگر میں منعقد ہوئے جہاں علمائے کرام نے فلسفۂ اربعین اور پیغام کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ عظیم الشان مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے کہا کہ اربعین ایمان، وفاداری اور حضرت امام حسینؑ کے آفاقی مشن سے تجدید عہد کا ابدی استعارہ ہے۔

انہوں نے قرآن مجید کی آیت مودّت کی روشنی میں کہا کہ اہل بیت اطہارؑ سے محبت اور قرآن حکیم سے تمسک ہی حقیقی اسلامی ہدایت، اخلاقی پاکیزگی اور نجات کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی نے اسلام کی حقیقی روح، عدل، آزادی، انسانی وقار اور ظلم کے خلاف مزاحمت کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دیا، جبکہ اربعین کے موقع پر دنیا بھر سے کروڑوں عاشقان اہل بیتؑ کی کربلا میں حاضری اس امر کی روشن دلیل ہے کہ تحریک کربلا صدیوں کی جبر و استبداد کی تمام کوششوں کے باوجود آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ و تابندہ ہے۔

انہوں نے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسینؑ سے اپنی وابستگی کو تقویٰ، عبادت، عدل، حسن اخلاق اور اسلامی اقدار کی عملی پاسداری کے ذریعے اپنی زندگیوں میں نمایاں کریں، کیونکہ پیغام کربلا امت مسلمہ کے لیے روحانی بیداری، سماجی انصاف، اتحاد اور حق و صداقت پر استقامت کا دائمی سرچشمہ ہے۔

مجلسِ عزا کے اختتام پر عالم اسلام کے اتحاد، امن، امت مسلمہ کی فلاح و سلامتی، اربعین حسینیؑ کی مجالس و عزاداری کی قبولیت اور حضرت امام مہدیؑ (عج) کے ظہور پُرنور کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

بعد ازاں آستانہ شریف بڈگام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام تک جلوس ذوالجناح شریف نہایت عقیدت، نظم و ضبط اور مذہبی احترام کے ساتھ برآمد کیا گیا، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دریں اثنا، زیلدار محلہ، سعیدہ کدل، سری نگر میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام سید مجتبیٰ عباس موسوی الصفوی نے کہا کہ اربعین حسینیؑ انبیائے کرامؑ کی الٰہی دعوت اور حضرت امام حسینؑ کے ابدی پیغام کا تسلسل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم، حضرت محمد مصطفیٰ ؐ ، اہل بیت اطہارؑ کی تعلیمات اور ولایت و امامت کے اصولوں سے وابستگی ہی انسانیت کو گمراہی اور فساد سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

انہوں نے واقعۂ کربلا کو حق، عدل اور ظلم کے خلاف دائمی مزاحمت کی علامت قرار دیتے ہوئے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ زیارت امام حسینؑ، عزاداری، نیک کردار اور خدمت خلق کے ذریعے اپنے تعلق حسینی کو مزید مضبوط بنائیں۔

انہوں نے زائرین اور عزاداروں کی عبادات کی قبولیت اور حضرت امام مہدیؑ (عج) کے ظہور مبارک کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

مجلس کے اختتام پر زیلدار محلہ، سعیدہ کدل سے قدیمی امام باڑہ حسن آباد، سری نگر تک جلوس ذوالجناح شریف برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کرتے ہوئے حضرت امام حسینؑؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو پرسہ پیش کیا۔

جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha