اتوار 9 اگست 2026 - 13:54
اربعین نے عراق میں دینی و سیاسی آزادی کا چہرہ نمایاں کر دیا: امام جمعہ نجف

حوزہ/ امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے کہا ہے کہ اربعین حسینی دینی و سیاسی آزادی، عوامی حاکمیت، آمریت کے خاتمے اور حکومت و عوام کے درمیان مضبوط تعلق کی علامت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے کہا ہے کہ اربعین حسینی دینی و سیاسی آزادی، عوامی حاکمیت، آمریت کے خاتمے اور حکومت و عوام کے درمیان مضبوط تعلق کی علامت ہے۔

انہوں نے نجف اشرف کے حسینیہ اعظم فاطمیہ میں نماز جمعہ کے خطبے میں عراق کے خلاف علاقائی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے عراق کے سیاسی نظام کو ناکام بنانے کے لیے فوجی اور میڈیا سطح پر پروپیگنڈا اور سرگرمیاں جاری ہیں۔

سید صدرالدین قبانچی نے کہا کہ عراق میں آمریت کا خاتمہ، اقتدار کا عوام کو واپس ملنا اور دینی و سیاسی آزادیوں کی بحالی وہ بنیادی تبدیلیاں ہیں جنہیں عالمی استکبار کے آلۂ کار برداشت نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے اربعین کے کامیاب انعقاد کے پانچ عوامل بیان کرتے ہوئے کہا کہ عشقِ حسینی، مہمان نوازی، دینی و سیاسی شعور، اللہ کی طرف رجوع اور دینی اقدار کی پابندی، نیز سکیورٹی، صحت اور دیگر سرکاری اداروں کی بھرپور خدمات اس عظیم اجتماع کی کامیابی کا سبب ہیں۔

امام جمعہ نجف نے کہا کہ اربعین میں 22 ملین زائرین کی شرکت اور عراق کی حقیقی شناخت کی طرف واپسی مخالفین کو برداشت نہیں، اسی لیے وہ عراق پر قبضے جیسے بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں۔ تاہم ملت عراق اور مرجعیت کی قوت ان سازشوں کے سامنے مضبوط دیوار ہے اور یہ تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے 1977ء کی ’’انتفاضۂ صفر‘‘ کو بھی یاد کیا جس میں بعثی حکومت کے خلاف عوامی قیام کے دوران 11 افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے ان شہداء کی قربانیوں کو حسینی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا۔

خطبے کے اختتام پر انہوں نے امام صادقؑ کی روایات کی روشنی میں زیارت امام حسینؑ کی فضیلت بیان کی اور رحلت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایام کی مناسبت سے وصیتِ رسولؐ، حدیثِ قرطاس اور لشکرِ اسامہ کے واقعات کا بھی ذکر کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha