پیر 10 اگست 2026 - 12:42
حزب الله لبنان: دشمن کا نقشہ، اس کی حرص اور عزائم کی تصدیق؛ حکومت کو رعایتیں دینا ملک کو بڑے خطرات سے دوچار کر دے گا

حوزہ/غاصب اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے ایک نقشہ جاری کرتے ہوئے مقبوضہ جنوبی لبنان کو اسرائیل کا حصہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب اسرائیلی وزارتِ خارجہ کی اس شرارت پر حزب الله لبنان نے مذمت کرتے ہوئے اہم بیان جاری کیا ہے۔

حزب الله لبنان کا بیان مندرجہ ذیل ہے:

دشمن اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے آج ایک ایسا نقشہ جاری کیا ہے جس میں مقبوضہ جنوبی لبنان کو اپنی غاصب ریاست میں ضم دکھایا گیا ہے۔ یہ اس بات کی ناقابلِ تردید تصدیق ہے کہ اسرائیلی دشمن لبنان، اس کی سرزمین، حکومت اور وسائل پر لالچ اور عزائم رکھتا ہے اور وہ ان سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

لبنانی حکومت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات میں اس کا داخل ہونا بھی وقت ضائع کرنے اور زمینی حقائق کو اپنے حق میں تبدیل کرنے کی واضح کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

لبنانی حکومت، رعایتیں دینے اور دشمن کو بلا معاوضہ تحائف پیش کرنے کی پالیسی جاری رکھنے پر اصرار کے باعث، اس صورتِ حال کی مکمل ذمہ دار ہے۔

حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے طرزِ عمل پر مکمل نظرِ ثانی کرے، اپنی پالیسی درست کرے، دشمن کے ساتھ ایسے براہِ راست اور توہین آمیز مذاکرات بند کرے جن کے پیچھے کوئی مؤثر دباؤ یا طاقت نہیں اور فوری طور پر تمام سطحوں پر اقدامات کرے، حکومت سے لے کر سپریم ڈیفنس کونسل تک۔

اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جانا چاہیے، تاکہ اس خطرناک معاملے سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، جن میں سب سے اہم اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری شکایت درج کروانا ہے، چاہے اس حکومت نے دشمن سے یہ وعدہ ہی کیوں نہ کیا ہو کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر اس کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔ اب لبنان کے بارے میں اسرائیلی دشمن کے عزائم کی حقیقت کو نظر انداز کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔

تمام لبنانیوں، خواہ وہ کسی بھی طبقے یا سیاسی گروہ سے تعلق رکھتے ہوں، کے لیے ضروری ہے کہ وہ سمجھیں کہ رعایتیں دینے اور توہین آمیز مذاکرات جاری رکھنے پر اصرار کے ذریعے حکومت لبنان کو کس قدر بڑے خطرے کی طرف لے جا رہی ہے۔

قومی ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ قبضے اور اس کے عزائم کے مقابلے میں تمام کوششوں اور مؤقف کو متحد کیا جائے، لبنان کی خودمختاری اور اپنی سرزمین و دولت پر اس کے مکمل حقوق کا دفاع کیا جائے۔ یہ حقیقت بھی سمجھنا ضروری ہے کہ دشمن کے عزائم صرف جنوبی لبنان تک محدود نہیں، بلکہ اس کا ہدف پورا لبنان ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha