جمعرات 13 اگست 2026 - 11:39
شبِ شہادت امام رضاؑ کے موقع پر زائرین نے اپنے امام سے تجدیدِ عہد کیا

حوزہ/ ماہِ صفر کی آخری شب اور حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی شب مشہد مقدس میں حرم امام رضاؑ زائرین اور مجاورین سے بھرا رہا۔ عزاداروں نے خطبہ خوانی، مرثیہ خوانی اور شمع جلانے کی خصوصی تقریبات میں شرکت کرکے امام رضاؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کے عہد کی تجدید کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہِ صفر کی آخری شب اور حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی شب مشہد مقدس میں حرم امام رضاؑ زائرین اور مجاورین سے بھرا رہا۔ عزاداروں نے خطبہ خوانی، مرثیہ خوانی اور شمع جلانے کی خصوصی تقریبات میں شرکت کرکے امام رضاؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کے عہد کی تجدید کی۔

یہ پروگرام صحنِ پیمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آستان قدس رضوی کے متولی حجۃ الاسلام والمسلمین احمد مروی، خدام، حرم کے ذمہ داران اور دیگر حکام کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور زیارتِ امین اللہ سے ہوا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین احمد مروی نے امام رضاؑ کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی زیارت صرف امام کے حرم میں حاضری کا نام نہیں، بلکہ اپنے اخلاق اور کردار کو اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائر کو امام کی معرفت حاصل کرنے کے ساتھ ان کی تعلیمات پر عمل بھی کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل بیت علیہم السلام سے مضبوط تعلق انسان میں استقامت، شجاعت، دشمن کے مقابلے میں مضبوطی اور لوگوں سے محبت پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے اتحاد، یکجہتی اور ثابت قدمی کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

اس کے بعد شعراء نے امام رضاؑ کی مصیبت میں مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کی، جبکہ حرم کے خدام نے شمع جلانے کی خصوصی تقریب میں شرکت کرکے امام رضاؑ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

پروگرام کے اختتام پر دعائے فرج پڑھی گئی اور حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور، رہبر معظم انقلاب کی سلامتی، ملت ایران کی سربلندی اور شہداء و مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

زائرین نے اشکبار آنکھوں اور عقیدت سے بھرے دلوں کے ساتھ امام رضاؑ سے تجدید عہد کیا اور اللہ تعالیٰ سے اہل بیت علیہم السلام کی معرفت، خدمت اور ان کے راستے پر چلنے کی توفیق طلب کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha