جمعہ 25 ستمبر 2026 - 01:14
علماء کی اجتماعی جدوجہد سے مذہبِ حقہ کے پروگرام اور قومی بیداری کا سلسلہ آگے بڑھتا رہے، مولانا سید تہذیب الحسن

حوزہ/ امام جمعہ رانچی، جھارکھنڈ، مولانا سید تہذیب الحسن نے گھوسی میں منعقدہ ’’حسینی تبلیغی مشن‘‘ کے تاریخی پروگرام پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین اور بالخصوص مولانا ابن حسن املوی کی دینی و تبلیغی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے بامقصد پروگرام قوم میں دینی شعور و بیداری پیدا کرنے اور مذہبِ حقہ کی تبلیغ و ترویج کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مجمع علماء و واعظین پوروانچل کی دینی، تعلیمی، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ رانچی، جھارکھنڈ، مولانا سید تہذیب الحسن نے گھوسی میں منعقدہ ’’حسینی تبلیغی مشن‘‘ کے تاریخی پروگرام پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اس دینی، تبلیغی اور اصلاحی اجتماع کو منفرد اور قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے پروگرام کی سرپرستی اور انعقاد میں مولانا ابن حسن املوی کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں بھی ان کی مسلسل جدوجہد اور دینی سرگرمیاں ہم جیسے لوگوں کے لیے حوصلے کا باعث ہیں۔

مولانا سید تہذیب الحسن نے اپنے تاثرات میں امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ ایسے مربی اور بزرگ علماء کا سایہ قوم پر قائم رکھے تاکہ مذہبِ حقہ کی تبلیغ و ترویج کا یہ سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتا رہے اور قوم میں دینی شعور و بیداری پیدا ہوتی رہے۔ انہوں نے مولانا ابن حسن املوی کی شخصیت کو قوم کے لیے پروردگار کی جانب سے ایک عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی اور طولِ عمر کے لیے دعا کی۔

انہوں نے ’’مجمع علماء و واعظین پوروانچل‘‘ کا بھی خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ معروف عالم دین، محقق و مصنف حجۃ الاسلام مولانا ابن حسن املوی ہیں۔ یہ مجمع ابتدا میں ایک واٹس ایپ گروپ کی صورت میں وجود میں آیا، تاہم وقت کے ساتھ دینی، تعلیمی، تبلیغی اور اصلاحی میدانوں میں سرگرم عمل ایک معروف مذہبی و اجتماعی تنظیم کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔

مولانا سید تہذیب الحسن کے مطابق، مجمع علماء و واعظین پوروانچل خطۂ پوروانچل، اترپردیش کے شیعہ علمائے کرام، خطباء اور واعظین کی ایک فعال مذہبی و اجتماعی تنظیم ہے، جو علمائے دین کی فلاح و بہبود، اتحاد، دینی امور کی ترویج اور معاشرتی و مذہبی خدمات کے مختلف شعبوں میں سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تنظیم وقتاً فوقتاً عالم اسلام کے اہم مسائل، مظلومین کی حمایت، جنت البقیع کی مسماری کے خلاف احتجاج اور علمائے کرام پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے اپنے موقف اور تعزیتی پیغامات بھی جاری کرتی ہے، جبکہ علمی شخصیات کی خدمات کے اعتراف، دینی و تاریخی مناسبتوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مختلف پروگرام اور اشاعتی مواد پیش کرتی رہتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha