حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کلچر ہاؤس، نئی دہلی سے وابستہ مولانا عارف حسین مبارکپوری نے مجمع علمائے و واعظین پوروانچل اور مدرسہ حسینیہ گھوسی کے زیر اہتمام ’’حسینی تبلیغی مشن‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ عظیم الشان تعلیمی، تربیتی و اصلاحی جلسے کو موضوع اور ضرورت کے اعتبار سے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اس کے منتظمین اور شرکا کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا: ’’حسینی تبلیغی مشن‘‘ کے عنوان سے علمائے پوروانچل اور مدرسہ حسینیہ کی مشترکہ کوششوں سے منعقد ہونے والا پروگرام، موضوع کے اعتبار سے نہایت عمدہ، اہم اور وقت کی ضرورت کے عین مطابق تھا۔
بلاشبہ اس نوعیت کی فکری، علمی اور اجتماعی تحریکیں معاشرے میں مثبت اثرات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ خصوصاً نمائندہ محترم ولی فقیہ کی بابرکت موجودگی نے پروگرام کی معنویت اور اہمیت میں مزید اضافہ کردیا۔ علمائے کرام نے بھی اپنے اپنے نقطۂ نظر، آرا اور تجاویز پیش کرکے نشست کو مزید مفید اور مؤثر بنایا۔
اس موقع پر بالخصوص جناب مولانا ابن حسن صاحب لائقِ داد و تحسین ہیں کہ جن کی انتھک محنت، خلوص اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں یہ پروگرام منعقد ہوسکا۔ یقیناً کسی بھی اجتماعی و فکری تحریک کی کامیابی کے لیے ایسے مخلص افراد کی محنت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ تمام علمائے کرام کی شرکت نے بھی پروگرام کی معنویت میں اضافہ کیا اور یہ احساس اجاگر کیا کہ اگر علماء باہمی تعاون اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھیں تو بہت سے اہم کام انجام دیے جاسکتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ