جمعہ 2 اکتوبر 2026 - 14:03
شمالی کشمیر کے احمد پورہ میں طالبات کے لیے حوزہ علمیہ زینبیہؑ کا سنگ بنیاد

حوزہ/ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی تحصیل پٹن میں واقع تاریخی گاؤں احمد پورہ میں طالبات کے لیے ’’حوزہ علمیہ زینبیہ سلام اللہ علیہا‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ یہ تقریب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا افتخار حسین انصاریؒ کی 12ویں برسی کے موقع پر منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی تحصیل پٹن میں واقع تاریخی گاؤں احمد پورہ میں طالبات کے لیے ’’حوزہ علمیہ زینبیہ سلام اللہ علیہا‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ یہ تقریب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا افتخار حسین انصاریؒ کی 12ویں برسی کے موقع پر منعقد ہوئی۔

اس حوزہ علمیہ کے قیام کا مقصد طالبات کو معیاری دینی، عصری اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔

سنگ بنیاد کی تقریب میں ممتاز علمائے کرام اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی، جن میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی کے ہندوستان میں نمائندے اور خوجہ مسجد ممبئی کے امام جمعہ حجۃ الاسلام مولانا سید احمد علی عابدی اور آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری و شیعہ کالج لکھنؤ کے ایڈمنسٹریٹر مولانا مرزا یعسوب عباس شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجۃالاسلام ممولانا سید احمد علی عابدی نے اس اہم منصوبے کے لیے زمین فراہم کرنے پر مولوی عمران انصاری کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حوزہ علمیہ زینبیہؑ کے قیام میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے اور لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ ضروری ہے، کیونکہ ایک تعلیم یافتہ خاتون مستقبل کی نسلوں کی تربیت اور معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علم و تعلیم ہمیشہ سے شیعہ معاشرے کی ترقی کا اہم ذریعہ رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ بھی علاقے کی نئی نسل کو دینی و تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے حوزہ علمیہ زینبیہؑ کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

مولانا مرزا یعسوب عباس نے کہا کہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور ایک لڑکی کو تعلیم دینا درحقیقت پورے خاندان اور معاشرے کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ باشعور اور روحانی تربیت یافتہ خواتین معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے مولوی عمران انصاری کی دینی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مولانا افتخار حسین انصاریؒ کے تعلیمی وژن کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مجوزہ مدرسے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اسی مقام پر انجینئرنگ کی تعلیم کے لیے یونیورسٹی کے قیام کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔

مولانا یعسوب عباس نے معروف حدیث ’’اَنَا مَدِیْنَۃُ الْعِلْمِ وَعَلِیٌّ بَابُہَا‘‘ یعنی ’’میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اسلام میں علم و تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر اور جے کے پی سی کے جنرل سکریٹری مولوی عمران انصاری نے کہا کہ حوزہ علمیہ زینبیہؑ کا قیام ایک طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کے ذریعے طالبات کو دینی، عصری اور پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے علمائے کرام، مذہبی شخصیات، ذاکرین اور برادری کے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں اے جے کے ایس اے کے جنرل سکریٹری عابد انصاری کے علاوہ علمائے کرام، ذاکرین اور آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن سے وابستہ نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر حوزہ علمیہ زینبیہ سلام اللہ علیہا کی کامیابی اور حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا افتخار حسین انصاریؒ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha