حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الزہراء گلشنِ حدید فیز 2 میں سالانہ سترہویں پروقار تقریب اور طالبات میں تقسیمِ اسناد کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیئرمین زہراء (س) اکیڈمی پاکستان و مرکزی سیکریٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
تقریب میں علماء کرام، علماء بن قاسم، اساتذہ، طالبات اور علاقے کی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر جامعۃ الزہراء گلشنِ حدید کے زیرِ انتظام مختلف چھوٹے اور بڑے تعلیمی و تربیتی اداروں کی طالبات بھی شریک ہوئیں اور اپنی تعلیمی و تربیتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

تقریب میں مدرسہ بقیۃ اللہ علیہ السلام کی طالبات نے بھی پرنسپل جامعۃ الزہراء گلشنِ حدید کی ہدایت پر شرکت کی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جامعۃ الزہراء گلشنِ حدید اور اس سے وابستہ مدارس کی علمی، دینی اور تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا: جامعۃ الزہراء اور اس کے زیرِ انتظام مدارس علاقے کے لیے ایک عظیم نعمت اور زینت ہیں، جو دینی تعلیم و تربیت کے فروغ اور معاشرے میں دینی شعور اجاگر کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے طالبات کو تعلیمی مراحل کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم حاصل کرنے والی طالبات معاشرے کی اصلاح اور نسلِ نو کی دینی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر طالبات کی کامیابی، جامعہ کی مزید ترقی اور دینِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و خدمت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ پرنسپل جامعۃ الزہراء سلام اللہ علیہا گلشنِ حدید مولانا محمد حسین حسینی، نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تعلیمی مراحل مکمل کرنے والی طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔










آپ کا تبصرہ