حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ زینبیہ راولپنڈی میں صادقین ٹرسٹ کے زیر اہتمام نوجوانوں کے لیے منعقدہ بیس روزہ شارٹ کورس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے خصوصی شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں انہوں نے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور شارٹ کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان کو کربلا کی زیارت کا ٹکٹ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علماء کرام اور طلبہ سے ملاقاتیں بھی کیں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

علامہ عارف حسین واحدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: نوجوان نسل کی دینی، اخلاقی اور فکری تعلیم و تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے کی اصلاح اور ایک صالح و ذمہ دار نسل کی تشکیل کے لیے اس نوعیت کے تربیتی پروگرام انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا: نجف اشرف سے تشریف لانے والے علماء کرام نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے جو محنت اور وقت صرف کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان شاء اللہ اس شارٹ کورس کے مثبت اثرات نوجوانوں کی عملی زندگی میں بھی نمایاں ہوں گے۔

علامہ عارف حسین واحدی نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: آپ بیس روزہ شارٹ کورس مکمل کرنے کے بعد اپنے گھروں، خاندانوں، محفلوں اور معاشرے میں واپس جا رہے ہیں۔ ہماری امید ہے کہ آپ کے واپس جانے کے بعد آپ کے ماحول میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ آپ معاشرے کے مفید، ذمہ دار اور باکردار افراد ثابت ہوں گے اور مکتب اہل بیت علیہم السلام، سیرت اہل بیت علیہم السلام اور تعلیمات اہل بیت علیہم السلام کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا: نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اس لیے ان کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینا علماء، والدین اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صادقین ٹرسٹ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے اس تربیتی پروگرام کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم اور قابلِ قدر کوشش ہے۔










آپ کا تبصرہ