جمعہ 24 جولائی 2026 - 07:56
جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں دین شناسی شارٹ کورس کا اختتام / نمایاں طلبہ میں تقسیمِ انعامات

حوزہ / ڈیرہ اسماعیل خان کے جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ملت جعفریہ کے بچوں کے لیے 20 روزہ دین شناسی شارٹ کورس کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کے جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ملت جعفریہ کے بچوں کے لیے 20 روزہ دین شناسی شارٹ کورس کا انعقاد کیا گیا۔ کورس کی نگرانی جامعہ کے پرنسپل علامہ محمد رمضان توقیر نے کی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور نواحی علاقوں سے بچوں کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔

شارٹ کورس کے دوران بچوں کو قرآن کریم، احادیث، وضو، روزہ، صلوٰۃ اور بنیادی فقہی احکام کی تعلیم دی گئی۔ جامعۃ النجف کے اساتذہ نے بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ شرکاء کی دینی رہنمائی کی۔

کورس کے اختتام پر طلبہ کی تعلیمی استعداد جانچنے کے لیے امتحان لیا گیا، جس میں طلبہ نے اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی، جس میں اساتذہ، علماء اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل جامعۃ النجف علامہ محمد رمضان توقیر نے اساتذہ کی محنت اور طلبہ کے تسلی بخش نتائج کو سراہتے ہوئے کہا: ان شاء اللہ جامعہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ دین مبین کی خدمت اور ملت جعفریہ کے نوجوانوں کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں دین شناسی شارٹ کورس کا اختتام / نمایاں طلبہ میں تقسیمِ انعامات

انہوں نے رہبرِ انقلاب اسلامی کی دینی و انقلابی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: قرآن و سنت سے وابستگی، توحید پر مضبوط ایمان اور اسلامی اقدار پر استقامت ہی وہ عوامل ہیں جن کی بدولت ایران نے عالمی استکبار کے مقابلے میں جرات، استقامت اور کامیابی کی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا: بعض حلقے ایران کی استقامت اور کامیابیوں سے پریشان ہو کر بے بنیاد پروپیگنڈا کرتے ہیں، حالانکہ ایران کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور استکباری سازشوں کے مراکز کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔

علامہ محمد رمضان توقیر نے نئے رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کا اظہار کرتے ہوئے کہا: حق، عدل، وحدتِ امت اور مظلوموں کی حمایت کے اصولوں پر ثابت قدم رہتے ہوئے اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

تقریب کے اختتام پر امت مسلمہ کے اتحاد، ایران کی فتح و نصرت، پاکستان کی سلامتی اور شہدائے اسلام بالخصوص رہبرِ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha