حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز افکار اسلامی کے زیر اہتمام جامعہ جعفریہ جنڈ اور جامعہ زینبیہ جنڈ میں بچوں اور بچیوں کے لیے منعقدہ 15 روزہ دینی، تعلیمی اور تربیتی شارٹ کورس اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب میں طلبہ و طالبات کی علمی و اخلاقی تربیت کو سراہتے ہوئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
اختتامی پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد جامعہ جعفریہ اور جامعہ زینبیہ کے سابق پرنسپل حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید رضی عباس ہمدانی اعلیٰ اللہ مقامہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی گئی۔
مقررین نے تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا: بچوں کی شخصیت سازی، دینی شعور کی بیداری اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے آشنائی ایسے مختصر تربیتی کورسز کے اہم مقاصد ہیں۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی نسل کو دینی مراکز سے وابستہ رکھیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید، باکردار اور باعمل افراد بن سکیں۔
اختتامی تقریب میں اسلام آباد سے تشریف لائے ہوئے مولانا سید زاہد حسین نقوی اور مولانا لیاقت علی اعوان نے جامعہ جعفریہ جنڈ میں خطاب کیا جبکہ جامعہ زینبیہ جنڈ میں عالمہ نزہت نقوی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیم، حجاب، اخلاق اور اسلامی اقدار کی پاسداری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر کورس میں شریک بچوں اور بچیوں کو ان کی تعلیمی و تربیتی کارکردگی کی بنیاد پر اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔
شرکاء نے شارٹ کورس کو نہایت مفید اور مؤثر قرار دیتے ہوئے مرکز افکار اسلامی، منتظمین اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور کامیاب انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اختتامی تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی کہ پروردگار عالم امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ان محبان کو زندگی کے ہر میدان میں کامیابی، سعادت اور خوشیاں عطا فرمائے، اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے لیے بھیجنے والے والدین کی توفیقاتِ خیر میں اضافہ فرمائے اور مرکز افکار اسلامی کے دینی مراکز جامعہ جعفریہ جنڈ، جامعہ زینبیہ جنڈ سمیت علاقے کے تمام دینی مراکز کو مزید ترقی، استحکام اور برکتوں سے نوازے۔









آپ کا تبصرہ