حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد صاحب الزمان، جامعہ امام خمینی، ماڑی انڈس، میانوالی میں ائمہ جمعہ و جماعت کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا۔
11 سے 15 اکتوبر 2026ء تک جاری رہنے والے اس تربیتی پروگرام میں تجوید و قرأت، حسنِ تلاوت اور روشِ تدریسِ قرآن سمیت اہم دینی و تربیتی موضوعات پر رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
پروگرام کی پہلی نشست سے رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان، چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ اور سربراہ جامعہ امام خمینی و جامعہ سیدہ خدیجۃ الکبریٰ، پکی شاہ مردان، علامہ سید افتخار حسین نقوی نے خطاب کیا۔ نشست میں ائمہ جمعہ و جماعت اور طلبہ کرام نے شرکت کی۔
علامہ سید افتخار حسین نقوی نے اپنے خطاب میں تجوید و قرأت، حسنِ تلاوت اور قرآن کریم کی مؤثر تدریس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی درست قرأت، خوبصورت اندازِ تلاوت اور مؤثر تدریسی طریقوں کے ذریعے معاشرے میں قرآنی تعلیمات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ائمہ جمعہ و جماعت اپنی علمی و تدریسی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اور قرآن کریم کی تعلیمات کو عام کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے اتحاد و وحدت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کے درمیان باہمی اخوت، احترام، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ائمہ جمعہ و جماعت اپنے خطبات، دروس اور عملی کردار کے ذریعے معاشرے میں اتحاد و وحدت کو مضبوط کریں، اختلافات کو باہمی احترام کے ساتھ سمجھنے کا شعور پیدا کریں اور مشترکہ دینی اقدار کی بنیاد پر امت مسلمہ کو متحد کرنے کی کوشش کریں۔
علامہ سید افتخار حسین نقوی نے مہدویت اور امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے موضوع پر بھی اظہارِ خیال کیا اور زمانۂ غیبت میں اہل ایمان کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کا حقیقی انتظار محض زبانی دعوے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک عملی ذمہ داری ہے، جس کا تقاضا ہے کہ انسان اپنی زندگی کو تقویٰ، اخلاق، عدل و انصاف، خدمتِ خلق اور دینی تعلیمات کے مطابق ڈھالے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمانۂ غیبت میں دینی رہنماؤں اور ائمہ جمعہ و جماعت پر خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کی دینی و اخلاقی تربیت کریں، معاشرے میں اصلاح و بیداری پیدا کریں، اتحاد و وحدت کو فروغ دیں اور نئی نسل کو اسلامی تعلیمات، کردار سازی اور معاشرتی ذمہ داریوں سے روشناس کرائیں۔ اس طرح معاشرے کو امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے لیے فکری اور عملی طور پر آمادہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پانچ روزہ تربیتی پروگرام 15 اکتوبر 2026ء تک مسجد صاحب الزمان، جامعہ امام خمینی، ماڑی انڈس، میانوالی میں جاری رہے گا۔ پروگرام کا مقصد ائمہ جمعہ و جماعت کی قرآنی، علمی، تدریسی اور تربیتی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور انہیں دینی و معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے مؤثر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔










آپ کا تبصرہ