حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور پاکستان میں علمی، تحقیقی اور مطالعاتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر المنتظر لائبریری کی ایک نئی شاخ کا افتتاح کیا گیا ہے؛ جسے شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس نجفیؒ کی علمی و دینی خدمات کے اعتراف اور ان کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ’’ای بک لائبریری، بیادِ شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس نجفیؒ‘‘ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔

ای بک لائبریری کا باقاعدہ افتتاح سرپرستِ اعلیٰ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور، آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کیا اور اس موقع پر دعا بھی کی۔

افتتاحی تقریب میں نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید مرید حسین نقوی، جنرل سیکرٹری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ سید ضیاء الحسن نجفی، حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کے سینئر اساتذہ کرام مولانا سید انوار حسین شمسی، مولانا باقر گھلو، مولانا غلام شبیر نجفی، مولانا اعجاز حسین حیدری، مولانا مہدی حسن، مولانا سید محمد حسن نقوی، مولانا عمار یاسر، مولانا باقر جوادی، لائبریری انچارج مولانا زائد عباس کاظم، مولانا قاری اعجاز اور حوزہ کے طلاب کرام بھی موجود تھے۔

یہ علمی و تحقیقی مرکز جدید تقاضوں سے ہم آہنگ متعدد سہولیات پر مشتمل ہے، جس کا مقصد طلباء، اساتذہ، علمائے کرام، محققین اور دیگر اہلِ علم کو مطالعے، تحقیق اور حصولِ علم کے لیے ایک موزوں اور معیاری ماحول فراہم کرنا ہے۔
لائبریری میں فراہم کی جانے والی نمایاں سہولیات درج ذیل ہیں:
1۔ وسیع مطالعہ خانہ
قارئین کے لیے ایک باقاعدہ مطالعہ خانہ قائم کیا گیا ہے، جہاں وہ یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔
2۔ اردو کتب کا وسیع ذخیرہ
لائبریری میں مختلف علمی، دینی، ادبی اور دیگر موضوعات پر مشتمل تقریباً سات ہزار اردو کتب دستیاب ہیں، جو قارئین کی علمی ضروریات پوری کرنے اور مطالعے کے ذوق کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
3۔ جدید ڈیجیٹل اور کمپیوٹر سہولیات
لائبریری میں کمپیوٹرز فراہم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے قارئین انٹرنیٹ، مختلف علمی ویب سائٹس، النور سافٹ ویئر، پی ڈی ایف کتب اور حوزوی دروس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے علمی تحقیق اور دینی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
4۔ قارئین کے لیے طعام و نوش کی سہولت
لائبریری سے استفادہ کرنے والے قارئین کے لیے چائے اور کھانے کا مناسب انتظام بھی کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی علمی و مطالعاتی مصروفیات تسلسل اور سہولت کے ساتھ جاری رکھ سکیں۔
5۔ دور و دراز سے آنے والے قارئین کے لیے رہائش
دور و دراز علاقوں سے آنے والے قارئین کے لیے رہائش کا انتظام بھی کیا گیا ہے، تاکہ انہیں قیام و مطالعے کے حوالے سے سہولت میسر آئے اور وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
اظہارِ تشکر و دعا
اس عظیم علمی و تحقیقی منصوبے کی تکمیل اور اس میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر ہم بارگاہِ خداوندی میں ہدیۂ تشکر پیش کرتے ہیں کہ اس نے حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور کو آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی جیسی مخلص، دوراندیش اور علم دوست شخصیت کی سرپرستی عطا فرمائی، جن کی سرپرستی میں دینی تعلیم، علمی تحقیق اور فروغِ معارفِ اہلِ بیتؑ کے لیے مسلسل خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔










آپ کا تبصرہ