پیر 12 اکتوبر 2026 - 22:27
کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

حوزہ/ اسلامک ایجوکیشن سینٹر کراچی کی سنڈے کلاسز کے طلبہ و طالبات نے یمن کے مظلوم عوام، بالخصوص بچوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُرامن ریلی نکالی اور یمن کا محاصرہ ختم کرنے، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے میں امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر بچوں نے امام علیؑ کے فرمان «ظالم کے مخالف اور مظلوم کے مددگار بنو» کو اپنی سرگرمی کا مرکزی پیغام بنایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ اسلامک ایجوکیشن سینٹر کی سنڈے کلاسز کے طلبہ و طالبات نے یمن کے مظلوم عوام، بالخصوص بچوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُرامن احتجاج کیا اور یمن کا محاصرہ ختم کرنے، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے میں امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر بچوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر مظلوموں کی حمایت میں نعرے لگائے اور امام علی علیہ السلام کے فرمان «کُونَا لِلظَّالِمِ خَصْمًا وَلِلْمَظْلُومِ عَوْنًا» (ظالم کے مخالف اور مظلوم کے مددگار بنو) کو اپنی سرگرمی کا مرکزی پیغام بنایا۔

کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

رپورٹ کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد بچوں میں مظلوموں کی حمایت، انسانی ہمدردی، سچائی اور سماجی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز کلاس روم میں تربیتی سرگرمیوں سے ہوا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے ادارے کے احاطے میں پُرامن ریلی نکالی۔

بچوں کو مظلوموں کی حمایت اور سچائی کا عملی سبق

پروگرام کے پہلے حصے میں اساتذہ نے بچوں کو امام علی علیہ السلام کی وصیت کی تشریح کرتے ہوئے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور مظلوموں کی مدد کرنے کی اہمیت سمجھائی۔ اس کے بعد مختلف تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے اس پیغام کو بچوں کی عملی تربیت کا حصہ بنایا گیا۔

کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

طلبہ و طالبات نے ورک شیٹس کے ذریعے مظلوموں کی مدد کے طریقوں اور سچی خبر و افواہ کے درمیان فرق کو سمجھا۔ بچوں نے کاغذ سے ہاتھ اور دل کی شکلیں بنا کر ان پر دعا، سچائی، ہمدردی اور پُرامن آواز جیسے پیغامات تحریر کیے۔ اسی طرح پھولوں کی پنکھڑیوں پر نیکی، ظلم سے اجتناب، دوسروں کی مدد اور صدقہ دینے جیسے موضوعات درج کیے گئے، جبکہ درمیان میں امام علی علیہ السلام کا فرمان تحریر کیا گیا۔

بچوں نے یمن، فلسطین اور پاکستان کے جھنڈوں میں رنگ بھرنے کے ساتھ دنیا کے نقشے پر یمن کی جغرافیائی شناخت بھی حاصل کی۔

کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

’’یمن کا محاصرہ ختم کرو‘‘؛ بچوں کی پُرامن ریلی

تربیتی سرگرمیوں کے بعد طلبہ و طالبات نے ادارے کے میدان اور راہداریوں میں الگ الگ حصوں میں اجتماع کیا اور ہاتھوں میں پاکستان و فلسطین کے جھنڈے اور اردو و انگریزی میں تحریر کردہ پلے کارڈز اٹھائے۔ ان پر ’’یمن کا محاصرہ ختم کرو‘‘، ’’یمن کے بچوں کو امن دو‘‘، ’’ہم یمن کے بچوں کے ساتھ ہیں‘‘، ’’مظلوم کی حمایت ہمارا ایمان‘‘ اور ’’مسلمان بھائی بھائی: یمن، ایران، فلسطین ایک ساتھ‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔

انگریزی میں بھی بچوں نے Lift the Siege on Yemen، Peace for Yemen، Children Want Peace, Not War اور Pakistanis Stand with Yemen جیسے پیغامات کے ذریعے جنگ کے بجائے امن اور مظلوم بچوں کے تحفظ کی حمایت کی۔

بچوں نے قطاروں میں ادارے کے احاطے میں ریلی نکالی اور ’’ظالم کے خلاف، مظلوم کے ساتھ‘‘ اور ’’یمن کو امن دو‘‘ کے نعرے لگائے۔ پروگرام اساتذہ کی نگرانی میں پُرامن اور منظم انداز میں مکمل ہوا۔

کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

منتظمین کا پیغام: مظلوم کی حمایت انسانی ضمیر کی آواز ہے

اسلامک ایجوکیشن سینٹر کی انتظامیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یمن کے عوام طویل عرصے سے جنگ اور محاصرے کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ اس صورتِ حال کے سنگین اثرات بالخصوص بچوں کی زندگیوں پر مرتب ہوتے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق، مظلوم یمنی عوام کی حمایت کرنا امتِ مسلمہ کی اخلاقی ذمہ داری ہے اور اختلافات کے باوجود مظلوموں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جانی چاہیے۔

منتظمین نے یمن کا محاصرہ ختم کرنے، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے، مسلم ممالک کے درمیان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور حکومتِ پاکستان سے یمن میں جنگ بندی و انسانی امداد کے لیے عالمی سطح پر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ یمنی بچوں کے تحفظ اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں۔

کراچی میں اسلامک ایجوکیشن سینٹر کے بچوں کا یمن کے حق میں پُرامن احتجاج، محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس سرگرمی کا مقصد بچوں کو یہ سمجھانا تھا کہ ظلم کے مقابلے میں خاموش رہنے کے بجائے مظلوم کا ساتھ دینا ضروری ہے اور مظلوموں کی حمایت کسی ایک قوم یا ملک تک محدود نہیں، بلکہ یہ انسانی ضمیر اور اخلاقی ذمہ داری کا تقاضا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر بچوں نے یمن، فلسطین اور دنیا بھر کے مظلوم بچوں کی حفاظت اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اجتماعی دعا کی۔ منتظمین نے والدین اور اساتذہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامک ایجوکیشن سینٹر بچوں کی اخلاقی و سماجی تربیت اور ان میں انسانی ہمدردی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha