جمعہ 20 نومبر 2026 - 16:27
آج کا جہاد علم، تعلیم اور فکری بیداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

حوزہ/ کرناٹک کے شہر علی پور کی مسجد جعفریہ میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید منظور رضا عابدی نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے کی اصلاح اور نئی نسل کے مستقبل کی تعمیر کے لیے علمی جہاد، دینی تعلیم و تربیت اور فکری بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے خدمتِ خلق کو مثالی معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے والدین، اساتذہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی پور-کرناٹک/ مسجد جعفریہ علی پور، کرناٹک میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید منظور رضا عابدی نے مثالی معاشرے کی تشکیل، خدمتِ خلق، مومنین کی حاجت روائی، علمائے دین کی خدمات، مظلوموں کی حمایت اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔

آج کا جہاد علم، تعلیم اور فکری بیداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

مولانا سید منظور رضا عابدی نے اپنے پہلے خطبے میں قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں مثالی معاشرے کے خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان فطری طور پر اجتماعی زندگی گزارنے والا وجود ہے اور معاشرے میں باہمی تعاون، ہمدردی، احساسِ ذمہ داری اور خدمتِ خلق کے بغیر ایک مثالی معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عموماً ہم عبادات کی اہمیت پر توجہ دیتے ہیں، لیکن بعض اوقات عبادت گزاروں اور ضرورت مند مومنین کی خدمت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جس طرح نماز، روزہ، حج اور زیارت قربِ الٰہی کا ذریعہ ہیں، اسی طرح نمازیوں، روزہ داروں، حاجیوں اور زائرین کی خدمت بھی رضائے الٰہی کے حصول کا بہترین وسیلہ ہے۔ انسان کو عبادات میں اس قدر مشغول نہیں ہونا چاہیے کہ وہ دوسروں کے حقوق اور ضروریات سے غافل ہو جائے۔

اس سلسلے میں انہوں نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے واقعے کا ذکر کیا کہ جب ایک شخص اپنی حاجت لے کر امامؑ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؑ اس کی مدد کے لیے اعتکاف کی حالت میں مسجد سے باہر تشریف لے گئے۔ اس واقعے کی روشنی میں انہوں نے بتایا کہ ایک مومن کی حاجت پوری کرنا ایک ماہ کے اعتکاف سے بھی زیادہ فضیلت رکھتا ہے۔ اسی طرح امام جعفر صادق علیہ السلام نے صفوان سے فرمایا کہ ایک مومن کی حاجت روائی خانۂ کعبہ کے سات مرتبہ طواف کرنے سے زیادہ فضیلت رکھتی ہے۔

مولانا عابدی نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں مواسات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مواسات محض مالی امداد کا نام نہیں، بلکہ دوسروں کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھنا، ان کی پریشانیوں میں شریک ہونا اور ان کی مشکلات دور کرنے کی عملی کوشش کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔ یہی ایک حقیقی انسانی اور ایمانی معاشرے کی بنیادی پہچان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص دنیا میں اپنے مومن بھائیوں کی مدد کرتا اور ان کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کرتا ہے، اسے قیامت کے دن انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کی معیت نصیب ہونے کی بشارت دی گئی ہے۔ انہوں نے مؤمنین کو دعوت دی کہ وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کو دوسروں کی مدد اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں اور ایک ہمدرد، باہمی تعاون کرنے والے اور خدمت گزار معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

آج کا جہاد علم، تعلیم اور فکری بیداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت عالمِ تشیع کے لیے عظیم علمی نقصان ہے

دوسرے خطبے میں مولانا سید منظور رضا عابدی نے تین اہم موضوعات پر گفتگو کی، جن میں مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت، بحرین میں مظلوموں کے خلاف عدالتی فیصلوں کی مذمت اور معاشرے میں دینی تعلیم و تربیت کی ضرورت شامل تھی۔

آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام اور بالخصوص عالمِ تشیع ایک عظیم علمی و دینی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔ ایک بزرگ عالم اور مرجعِ تقلید کی رحلت ایسا ناقابلِ تلافی نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ روایات کی روشنی میں عالم کی وفات کو ایک عظیم علمی و روحانی خسارہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء اپنی پوری زندگی اخلاص، تواضع اور انکساری کے ساتھ دین کی خدمت میں صرف کرتے ہیں۔ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی علمی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ نہ صرف طلاب اور علماء بلکہ مجتہدین اور فقہاء کے بھی استاد تھے۔ انہوں نے اپنے مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اعظم قم میں آپ کے درس میں ہزاروں علماء، فقہاء اور مجتہدین شرکت کیا کرتے تھے۔

مولانا عابدی نے مرحوم کی نمایاں دینی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ایامِ فاطمیہ کے احیاء اور ترویج میں ان کے کردار کو خصوصی اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانیؒ کا معروف پیغام تھا کہ ایامِ فاطمیہ کو اسی اہتمام اور عظمت کے ساتھ منایا جائے جس طرح ایامِ محرم منائے جاتے ہیں۔ آپ کی مجالسِ عزا میں شرکت اور جلوسِ عزا میں سب سے آگے رہ کر ماتم کرنا اس بات کا عملی اظہار تھا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی بارگاہ میں ہماری حیثیت ان کی خدمت اور محبت سے وابستہ ہے۔

انہوں نے اس عظیم علمی شخصیت کی رحلت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، رہبرِ انقلاب، مراجعِ عظام، علماء کرام اور تمام شیعیانِ عالم کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔ اس موقع پر انجمن جعفریہ اور البلاغ فاؤنڈیشن کی جانب سے مجلسِ عزا کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا، جس میں علماء کے خطابات کے ذریعے مرحوم کی علمی، دینی اور مذہبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

بحرین میں مظلوموں کے خلاف عدالتی فیصلوں کی مذمت

مولانا سید منظور رضا عابدی نے اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں بحرین میں مظلوموں کے خلاف صادر ہونے والے عدالتی فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی جرم ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایک طرف دنیا بھر میں انسانی حقوق، آزادی اور انصاف کے تحفظ کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن دوسری طرف بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر افراد کو عمر قید اور طویل المدت سزائیں سنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے ایسے فیصلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور تمام آزادی پسند افراد سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کرائی جائیں، مظلوموں کی حمایت کی جائے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔

آج کا جہاد علم، تعلیم اور فکری بیداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے

خطبے کے تیسرے حصے میں مولانا عابدی نے معاشرے میں دینی تعلیم و تربیت کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں۔ والدین کی ذمہ داری صرف اولاد کی پرورش تک محدود نہیں، بلکہ ان کی دینی و اخلاقی تربیت اور انہیں دین کی صحیح تعلیمات سے روشناس کرانا بھی ان کا اہم فریضہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ظاہری دینداری، لباس، ٹوپی، داڑھی یا مسجد و امام بارگاہ سے وابستگی ہی کافی نہیں، بلکہ ضروری ہے کہ انسان دین کی حقیقی معرفت اور بنیادی تعلیمات سے بھی واقف ہو۔ آج کے دور میں جب نوجوان تعلیم اور روزگار کے لیے دوسرے شہروں اور ممالک کا رخ کرتے ہیں تو ان کے اندر مضبوط دینی بنیاد اور فکری پختگی ہونا انتہائی ضروری ہے، تاکہ وہ مختلف ماحول میں بھی اپنے دین اور عقیدے کی حفاظت کر سکیں۔

انہوں نے اساتذہ، معلمین اور معلمات کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں بچوں کی روحانی تربیت میں والدین جیسا اہم مقام رکھنے والا قرار دیا، تاہم اس بات پر زور دیا کہ بچوں کی تربیت صرف اساتذہ کی ذمہ داری نہیں، بلکہ والدین کو بھی اس میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

مولانا عابدی نے بیرونِ ملک دینی تعلیم کے مراکز کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں والدین اپنے بچوں کو دینی مدارس تک پہنچانے کے لیے طویل سفر کرتے ہیں، خود بھی ان کے ساتھ بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں اور بچوں کو دینی تعلیم سکھانے کے ساتھ خود بھی دین سیکھتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں بھی ایسا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ قرآن مجید پڑھنا سیکھیں اور غسل، کلمہ، اصولِ دین اور فروعِ دین جیسے بنیادی مسائل سے خود بھی واقف ہوں۔

انہوں نے معاشرے میں تعلیمی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی، غربت کے خاتمے اور معاشرتی بیداری کا بنیادی ذریعہ ہے۔ قومیں تلوار کے ذریعے نہیں بلکہ علم و تعلیم کے ذریعے ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو برسوں میں تعلیمی نظام کی بہتری کو اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے والدین، نوجوانوں، اساتذہ اور تمام خدمت گزار افراد کو مشترکہ طور پر کوشش کرنا ہوگی۔

مولانا سید منظور رضا عابدی نے خطاب کے اختتام پر موجودہ دور کی اہم ضرورت کو علمی جہاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارا جہاد تلوار، بندوق اور میزائل کے ذریعے نہیں، بلکہ علم، تعلیم، تربیت اور فکری بیداری کے ذریعے ہے۔ ہمیں اسی وقت سے اس میدان میں جدوجہد شروع کرنی ہوگی، تاکہ آنے والے برسوں میں ہمارا معاشرہ باشعور، تعلیم یافتہ اور دینی و اخلاقی اعتبار سے مضبوط بن سکے۔

آج کا جہاد علم، تعلیم اور فکری بیداری کے ذریعے ہی ممکن ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

مظلومینِ عالم کے لیے دعا اور امام زمانہؑ کے ظہور میں تعجیل کی درخواست

نمازِ جمعہ کے اجتماع کے اختتام پر پروردگارِ عالم کی بارگاہ میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مؤمنین کی نعمتوں میں اضافہ فرمائے، پریشان حال افراد کی مشکلات دور کرے، بیماروں کو شفائے کامل عنایت فرمائے اور مرحومین کی مغفرت فرمائے۔ نیز مظلومینِ عالم، بالخصوص لبنان، اسلامی جمہوریہ ایران اور یمن کے مظلوم عوام کی مدد و نصرت فرمائے، ظالموں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کو ان کے انجام تک پہنچائے اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha