حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جامعہ امام صادق، علمدار روڈ کوئٹہ میں شیعہ و سنی علماء کے درمیان ایک دوستانہ، علمی اور محبت و اخوت پر مبنی نشست منعقد ہوئی۔ جس میں رہبرِ جمعیت جناب محمد خان شیرانی کی جامعہ آمد پر مہتمم، اساتذہ اور طلبہ نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کی میزبانی کا خصوصی اہتمام کیا۔ اس نشست میں جامعہ امام صادق کے مہتمم علامہ بہادر حسین موحدی، بزرگ استاد علامہ محمد ابراہیم حلیمی، علامہ اکبر حسین زاہدی، استاد محمد یوسف طاہری، استاد فداحسین مطہری، مولانا علی محمد جوادی، علامہ حسین علی لطفی سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ شریک ہوئے۔
نشست کا نمایاں پہلو مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کا ایک ساتھ بیٹھنا، ایک دوسرے کے ساتھ محبت و احترام کا اظہار کرنا اور خوش گوار ماحول میں باہمی تبادلۂ خیال تھا۔ شرکاء نے اس امر کا عملی مظاہرہ کیا کہ مسلکی و فقہی اختلافات کے باوجود باہمی تعلقات، اخوت اور احترام کو برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ علمی و فکری مکالمہ کیا جا سکتا ہے۔
جامعہ کے اساتذہ نے اصرار کیا کہ ان کے مہمان مولوی شیرانی نماز پڑھائیں۔ جس پر انہوں نے دونوں نمازوں کی امامت کی۔ یہ عمل باہمی اعتماد، احترام اور اتحاد و وحدت کے جذبے کی ایک خوب صورت مثال قرار پایا۔

نشست کے دوران علماء کے درمیان علمی مکالمے، ایک دوسرے کے نقطۂ نظر کو سمجھنے، اختلافِ رائے کو برداشت کرنے اور علمی آرا کے احترام کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ علمی نشستوں کا مقصد ایک دوسرے کو غلط ثابت کرنا یا اختلافات کو ہوا دینا نہیں، بلکہ باہمی فہم و شعور میں اضافہ اور علمی روابط کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے۔
گفتگو میں اس نکتے کو بھی نمایاں کیا گیا کہ ضروری نہیں کہ مختلف مکاتبِ فکر کے علماء ہر مسئلے میں ایک دوسرے سے اتفاق کریں، تاہم اختلاف کے باوجود احترام، شائستگی اور باہمی اعتماد کا برقرار رہنا ناگزیر ہے۔ کسی رائے سے اختلاف کو ذاتی مخالفت یا دوسرے مکتبِ فکر کی توہین کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
شرکاء نے اس طرزِ فکر کی اہمیت اجاگر کی کہ علماء ایک دوسرے کی مجالس میں شرکت کریں، باہمی ملاقاتوں اور نشستوں کا اہتمام کریں، ایک دوسرے کے ساتھ نماز اور دیگر اجتماعی سرگرمیوں میں شریک ہوں اور علمی روابط کو فروغ دیں۔ اس سے نہ صرف غلط فہمیوں کا ازالہ ممکن ہے بلکہ معاشرے میں رواداری، برداشت اور اتحاد و وحدت کی فضا بھی مستحکم ہوتی ہے۔
نشست کا مجموعی پیغام یہ تھا کہ امت کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کے درمیان قربت، رابطہ اور مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اختلافِ رائے کو باہمی دوری اور نفرت کا سبب بنانے کے بجائے اسے علمی وسعت اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا ذریعہ بنایا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جامعہ امام صادق میں منعقدہ یہ نشست شیعہ سنی علماء کے درمیان محبت، اخوت، باہمی احترام اور اتحاد و وحدت کے فروغ کی ایک قابلِ تحسین مثال تھی، جس نے یہ پیغام دیا کہ اختلافات کے باوجود مشترکہ دینی اقدار اور باہمی احترام کی بنیاد پر ایک ساتھ بیٹھنا اور تعلقات کو مضبوط بنانا نہ صرف ممکن بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔










آپ کا تبصرہ