پیر 19 اکتوبر 2026 - 10:10
وحدت، اخوت اور حقوق کے تحفظ کی پرامن جدوجہد ہماری بنیادی ترجیحات ہیں، علامہ سید ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ تنظیمی فعالیت، وحدت و اخوت اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل اور پرامن جدوجہد بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ تنظیم جتنی فعال، منظم اور متحرک ہو گی، اپنے مقررہ اہداف کے حصول میں اتنی ہی آسانی ہوگی۔ انہوں نے تنظیمی امور میں اخلاصِ نیت، باہمی احترام اور اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان، صوبہ سندھ کی صوبائی کونسل کے نوابشاہ میں منعقدہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، صوبائی صدر سندھ علامہ سید اسد اقبال زیدی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد علی جروار، صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی عظمت بلوچ، صوبائی نائب صدور اور صوبے بھر سے تعلق رکھنے والے دیگر تنظیمی عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے صوبائی صدر، سیکرٹری جنرل اور صوبائی کونسل کے تمام اراکین کو سلام پیش کیا اور اجلاس میں ان کی بھرپور شرکت، تنظیمی وابستگی اور سنجیدہ توجہ کو سراہا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اجتماع مؤثر ثابت ہو گا اور اس کے مثبت نتائج تنظیمی امور کے ساتھ معاشرتی سطح پر بھی نمایاں ہوں گے۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا: ہر تنظیم کے اہداف متعین ہوتے ہیں اور ان کے حصول کے لیے تنظیم کو فعال، منظم اور متحرک رکھنا ضروری ہے۔ ہماری تنظیم کا بنیادی مقصد ملک میں رہنے والے افراد کے حقوق کا تحفظ اور بیرونِ ملک مقیم افراد کے حقوق کے لیے بھی مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، اخلاقی اور انتظامی امور کے علاوہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کرنا اور اس مقصد کے لیے پرامن راستے اختیار کرنا ہماری بنیادی پالیسی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سندھ میں تنظیمی فعالیت اور حقوق کے تحفظ کے لیے جاری جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: سندھ سے ہمیشہ حقوق کے تحفظ کے لیے توانا آواز بلند ہوتی رہی ہے اور یہاں تنظیمی سرگرمیوں کا تسلسل بھی قابلِ قدر رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فعالیت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے تنظیمی اہداف کے حصول کی راہ ہموار کی جائے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے قرآن مجید کی آیت مبارکہ لَن يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَٰكِن يَنَالُهُ التَّقْوَىٰ مِنكُمْ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ کو قربانی کے جانوروں کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا بلکہ تمہارا تقویٰ اس کی بارگاہ میں پہنچتا ہے۔ اس قرآنی تعلیم سے رہنمائی ملتی ہے کہ زندگی کے تمام معاملات میں رضائے الٰہی اور اخلاصِ نیت کو بنیادی حیثیت دی جائے۔ تنظیمی سرگرمیاں بھی اگر خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے جذبے کے تحت انجام دی جائیں تو کامیابی اور کامرانی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔

انہوں نے تنظیمی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ گروہ بندی سے اجتناب کریں، اپنی نیتوں کو صاف رکھیں اور تنظیمی صفوں میں وحدت، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔

قائد ملت جعفریہ نے کہا: ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنایا جائے، باہمی احترام کو ملحوظ رکھا جائے اور مشکل حالات میں ایک دوسرے کی پشت پناہی کی جائے۔ باہمی اعتماد، اتحاد اور تعاون ہی تنظیمی استحکام کی بنیاد ہیں، جن کے ذریعہ حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے توقع ظاہر کی کہ صوبائی کونسل کا یہ اجلاس مثبت اور مؤثر نتائج کا حامل ہو گا اور اس کے اثرات تنظیمی فعالیت کے فروغ، باہمی اتحاد کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری جدوجہد میں نمایاں ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے اجلاس میں شریک تمام عہدیداران اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha