جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 08:04
فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

حسینی فکر معاشرے میں آزادی، عدل، انسانی کرامت اور مظلوم کی حمایت کو فروغ دینے کا نام ہے، مقررین

حوزہ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع فیصل آباد کے زیرِ اہتمام پیغامِ حسین (ع) کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں علماء کرام، اکابرین، دانشوروں، تنظیمی عہدیداران اور عزادارانِ امام حسین (ع) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پیغامِ حسین (ع) کانفرنس سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید محمد تقی نقوی، صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ سید عامر عباس ہمدانی، صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی، صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی، سربراہ ملتِ جعفریہ لندن مولانا سید محمد سبطین کاظمی سمیت دیگر علماء و اکابرین نے خطاب کیا۔

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

مرکزی سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید محمد تقی نقوی نے اپنے خطاب میں پیغامِ امام حسین (ع) کی آفاقی حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق و باطل کے درمیان امتیاز، ظلم کے خلاف مزاحمت اور دین و اقدار کے تحفظ کا ابدی درس ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنے کردار اور قربانی کے ذریعہ واضح کیا کہ حق کے راستے پر ثابت قدمی اور ظلم کے سامنے انکار ہی حسینی کردار کی بنیادی علامت ہے۔

انہوں نے کہا: آج کے دور میں پیغامِ حسین (ع) کو سمجھنے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام، مظلوموں کی حمایت، باطل قوتوں کے مقابلے اور دینی و اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عزاداریِ سید الشہداءؑ کا مقصد صرف غم منانا نہیں بلکہ اس عظیم تحریک کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا بھی ہے۔

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

علامہ سید محمد تقی نقوی نے اتحادِ ملت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: موجودہ حالات میں مومنین کے درمیان باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی شعور کو مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملت کو درپیش مسائل کا مقابلہ انفرادی طور پر نہیں بلکہ اجتماعی حکمتِ عملی اور منظم جدوجہد کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام کی تحریک ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حقوق کے تحفظ، ظلم و ناانصافی کے خاتمے اور دین کی سربلندی کے لیے مشکلات سے گھبرانے کے بجائے استقامت کا مظاہرہ کیا جائے۔ حسینی فکر معاشرے میں آزادی، عدل، انسانی کرامت اور مظلوم کی حمایت کو فروغ دینے کا نام ہے۔

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

مقررین نے امام حسین علیہ السلام کے پیغام، حق و صداقت، دین کی سربلندی اور ظلم و ناانصافی کے مقابل استقامت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا: واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے حق، حریت، ایثار اور قربانی کا لازوال درس ہے۔ امام حسین علیہ السلام کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں عدل، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے بھی خطاب کیا۔ ان کی آمد پر شیعہ علماء کونسل پاکستان ضلع فیصل آباد کے صدر مولانا چوہدری نصرت حسین اور ان کی کابینہ کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا: امام حسین علیہ السلام کا پیغام پوری انسانیت کے لیے حریت، عدل اور بقا کا ضامن ہے۔

انہوں نے تشیع کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: حقوق کی پامالی اور بنیادی مسائل کے ازالے کے لیے اتحادِ بین المومنین و المسلمین اور منظم جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا: ایف آئی آرز اور فورتھ شیڈول کی دھمکیوں سے مجالسِ عزا کو ہرگز نہیں روکا جا سکتا۔

فیصل آباد میں پیغامِ حسین (ع) کانفرنس کا انعقاد؛ حق و صداقت اور ظلم کے خلاف استقامت پر زور

کانفرنس سے مولانا نصرت حسین، علامہ مرزا حسین صابری، مولانا اعجاز حسین مہدی، مولانا دلاور علی نجفی، مولانا سبط حسن نوری اور ملک عدنان علوی سمیت دیگر علماء و رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے شرکاء سے عہد لیا کہ تشیع کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جب بھی قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آواز دیں گے اور جہاں بھی دعوت دیں گے، مومنین بھرپور انداز میں لبیک کہیں گے۔

کانفرنس کا اختتام ملتِ تشیع کی فلاح و بہبود، ملکی سلامتی اور عزاداریِ سید الشہداءؑ کے تحفظ کے لیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

بعد ازاں علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے مرکزی سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید محمد تقی نقوی، صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی، دیگر تنظیمی عہدیداران، علماء کرام اور مومنین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تنظیمی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha