جمعرات 8 اکتوبر 2026 - 16:34
جیکب آباد؛ نوجوانوں کی رہبرِ شہید، مجتہدین، علماء اور رہبرِ انقلاب سے عقیدت کا اظہار

حوزہ/جیکب آباد بلوچستان پاکستان میں چند روز قبل بعض افراد کی جانب سے علمائے کرام، ولی فقیہ اور رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شان میں کی جانے والی دل آزاری پر، گزشتہ روز اپنے بزرگوں، معززین شہر اور عمائدین کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ و جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ پہنچ کر اپنی سابقہ غلطی کا اعتراف کیا اور علماء، مراجع اور رہبرِ معظم کے احترام و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ طور پر معافی مانگی اور آئندہ یہ غلطی نا دہرانے کا عہد کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس موقع پر نوجوانوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی اپنی غلطی پر معافی مانگتے ہوئے ولی فقیہ و رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای شہید، فقیہ اہل بیت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی، شہیدِ راہِ اسلام و حسینیت سید حسن نصر اللہ اور تمام علماء و مجتہدین عظام کی عظمت و خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مرکزی امام بارگاہ میں ہونے والی اس نشست میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی مشیر سید کامران علی شاہ بخاری، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، جنرل سیکرٹری استاد خادم حسین برڑو، سٹی صدر عمران علی حیدری وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری اللہ بخش میرالی، بزرگ شیعہ رہنما سید مظہر علی شاہ نقوی، ایم ڈبلیو ایم ایمپلائز ونگ کے صوبائی رہنما منصب علی بروہی آئی ایس او کے ضلعی صدر اظہار الحسن اور دیگر تنظیمی و مذہبی شخصیات موجود تھیں۔

معذرت کے لیے آنے والے وفد کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما دیدار علی جکھرانی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ مظفر علی رند، ایڈووکیٹ سید علی شاہ اور دیگر معززین نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا سامنا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل فلسطین، لبنان اور خطے کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف جارحیت اور ظلم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب مکار دشمن پروپیگنڈے اور فتنہ انگیزی کے ذریعے امت مسلمہ اور عاشقان اھل بیت کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جیکب آباد؛ نوجوانوں کی رہبرِ شہید، مجتہدین، علماء اور رہبرِ انقلاب سے عقیدت کا اظہار

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہمارے نوجوانوں کو دشمن کی سازشوں اور پروپیگنڈے کو سمجھنا ہوگا۔ کسی بھی فقیہ، مرجع تقلید یا رہبر کی شان میں دل آزاری امت کے اتحاد کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ نوجوانوں نے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے خود چل کر معذرت کی اور آئندہ ایسی غلطی نہ دہرانے کا عہد کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما دیدار علی جکھرانی نے کہا کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای امت مسلمہ کے ایک باوقار اور بہادر رہنما ہیں۔ ہم ان کی جدوجہد، استقامت اور امت مسلمہ کے دفاع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی المناک شہادت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ رہبر شہید ہمارے محسن ہیں۔ جن نوجوانوں سے غلطی ہوئی، انہوں نے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے آج معذرت کی ہے، جسے مثبت قدم سمجھتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ مظفر علی رند نے کہا کہ علماء کرام، مراجع عظام اور رہبر معظم ہمارے لیے انتہائی محترم ہیں۔ رہبر شہید ہماری ریڈ لائن ہیں۔ ہم کسی بھی عالم فقیہ اور مجتہد کی توہین کو درست نہیں سمجھتے۔ یہ نوجوان اپنی غلطی تسلیم کرکے معافی مانگنے کے لئے حاضر ہوئے ہیں۔ اگر انہوں نے آئندہ ایسی غلطی کی تو انہیں ہم خود قرار واقعی سزا دیں گے۔

معافی مانگنے کے لیے آنے والے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد علی کربلائی نے کہا کہ ہم رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، علماء کرام اور مراجع عظام کا احترام کرتے ہیں۔ ہم سے جو غلطی ہوئی، اس پر شرمندہ ہیں اور تمام علماء، بزرگوں اور مومنین سے معذرت خواہ ہیں۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ آئندہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔

جیکب آباد؛ نوجوانوں کی رہبرِ شہید، مجتہدین، علماء اور رہبرِ انقلاب سے عقیدت کا اظہار

اس موقع پر صوبائی مشیر ایم ڈبلیو ایم سندھ سید کامران علی شاہ بخاری نے کہا کہ رہبر معظم اور علماء کرام کی توہین ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکتب اہل بیت علیہم السلام اور نائب امام رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ و رہبر شہید کی فکر سے وابستہ ہیں اور ولی فقیہ و رہبر معظم کے ساتھ اپنی عقیدت و وفاداری کا اظہار کرتے ہیں۔

سید مظہر علی شاہ نقوی نے کہا کہ ہم قائدِ شہید اور رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ کے پیروکار ہیں اور رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور آقا سید مجتبی خامنہ ای کو ولی فقیہ اور رہبرِ امت کی حیثیت سے انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر سید غلام شبیر شاہ سمیت دیگر نوجوانوں اور معززین نے بھی اپنی سابقہ غلطی پر معذرت کی۔

ملاقات کے اختتام پر موجود علماء کرام، تنظیمی اکابرین، بزرگوں اور معززین نے نوجوانوں کی جانب سے غلطی کا اعتراف، معذرت اور آئندہ ایسی حرکت نہ دہرانے کے عہد کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں معاف کیا۔ نوجوانوں سے واضح طور پر یہ یقین دہانی بھی حاصل کی گئی کہ آئندہ علماء کرام، مراجع عظام، ولی فقیہ اور کسی بھی محترم مذہبی شخصیت کی شان میں دل آزاری یا توہین پر مبنی گفتگو نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر معزز شخصیات نے اس حوالے سے ضمانت دی۔

جیکب آباد؛ نوجوانوں کی رہبرِ شہید، مجتہدین، علماء اور رہبرِ انقلاب سے عقیدت کا اظہار

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha