جمعہ 16 اکتوبر 2026 - 14:40
یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی ضلع کشمور کے دو روزہ تنظیمی دورے پر کندھ کوٹ پہنچے، جہاں صوبائی سینئر نائب صدر سردارزادہ میر فائق علی خان جکھرانی، ضلعی جنرل سیکرٹری میر نجم الدین خان جکھرانی اور مولانا قربان حسین چانڈیو کی قیادت میں ضلع و تحصیل کے عہدیداروں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر جکھرانی ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے عالمی، ملکی اور علاقائی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام گزشتہ کئی سالوں سے جنگ، بمباری اور دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ یمن کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اور نہتے یمنی عوام کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں اور انسانی جانوں کا تحفظ ہر حال میں ضروری ہے۔ قرآن کریم کی واضح تعلیمات ہیں کہ اگر اہل ایمان کے دو گروہوں کے درمیان لڑائی ہو جائے تو ان کے درمیان صلح کرائی جائے اور عدل و انصاف کے ساتھ تنازع حل کیا جائے۔ لہٰذا اسلامی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ جنگ کو مزید پھیلانے کے بجائے امن، مذاکرات اور مفاہمت کے راستے اختیار کیے جائیں۔

یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ پاکستان کو کسی بھی بیرونی طاقت کے ایجنڈے کا حصہ بننے کے بجائے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، اتفاق، صلح اور خیرخواہی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان کو یمن کے تنازع میں دھکیلنے کی کوششیں ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ، خطے میں امن کا قیام اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد ہونا چاہیے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے یمن کے عوام کی حضرت رسول اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلّم سے محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام عشقِ رسول سے سرشار ہیں۔ یمن کے مختلف شہروں، بالخصوص صنعاء میں عید میلاد النبی کے موقع پر نکلنے والے عظیم الشان جلوس میلاد ان کی رسول اللہ سے عقیدت و محبت کا نمایاں اظہار ہیں۔

یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے سندھ کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی تشخص سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے موقف کا احترام کیا جانا چاہیے اور فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت کو نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ سندھ کے عوام کے جذبات اور ہزاروں سالوں پر مشتمل سندھ کی تاریخی شناخت کو نظرانداز کرکے سندھ کی تقسیم جیسی کوئی بھی متنازع بحث چھیڑنا مناسب نہیں۔ حکومت عوام کے اصل مسائل پر توجہ دے۔ حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کو امن، انصاف، روزگار، تعلیم اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع کشمور کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں قبائلی تنازعات عروج پر ہیں اور آئے روز بے گناہ انسانوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ ضلع کشمور کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہو چکی ہے اور علاقے کے عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قبائلی تنازعات کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ سندھ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ذمہ داران کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جب قبائلی سرداروں اور بااثر شخصیات کی بڑی تعداد سیاسی طور پر پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہے تو پھر حکومت اور سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے قبائلی تنازعات کے خاتمے، فریقین کے درمیان مصالحت اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ضلع کشمور میں بدامنی کی صورت حال نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ قبائلی دشمنیوں اور مسلح تصادم کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے قابل قبول نہیں۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے، قانون کی بالادستی قائم کرے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت ضلع کشمور میں قبائلی تنازعات کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ شہری خوف و ہراس سے آزاد ہو کر اپنی زندگی گزار سکیں۔

یمن کے مظلوم عوام پر بمباری اور طاقت کا استعمال بند کیا جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

علامہ مقصود علی ڈومکی نے واضح کیا کہ امن، انصاف، انسانی جانوں کا تحفظ اور عوامی حقوق کا دفاع ریاست کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور عوام کو عملی طور پر امن و تحفظ فراہم کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha