جمعہ 13 نومبر 2026 - 15:41
عزائے فاطمی؛ سوئی ہوئی انسانیت کے ضمیر پر دستک!

حوزہ/ایامِ عزائے فاطمی درحقیقت تاریخ کے اسی درد کو محسوس کرنے، حقائق کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے اور انسانی ضمیر کو اس کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے ایام ہیں۔ یہ وہ دن ہیں جب مدینۂ منورہ کی خاموش گلیاں، شکستہ دروازے کا دردناک تصور، محسنِ زہرا علیہ السلام کی مظلومیت، مظلومِ اول امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی تنہائی اور بضعۃ المصطفیٰ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شبانہ تدفین ایک بار پھر اہلِ ایمان کے دلوں کو غم و احتجاج سے بھر دیتی ہے۔

تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی| سینۂ تاریخ پر بعض زخم ایسے ہوتے ہیں جنہیں زمانے کی گردش مٹا نہیں سکتی، بعض صدائیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں صدیوں کی خاموشی دبا نہیں سکتی اور بعض مظلومیتیں ایسی ہوتی ہیں جو ہر عہد کے ضمیر سے سوال کرتی رہتی ہیں۔ مدینۂ نبوی کی گلیوں سے اٹھنے والی دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ فریاد بھی ایسی ہی ایک صدا ہے، جو آج تک تاریخ کے ایوانوں میں گونج رہی ہے۔ یہ محض ایک مظلوم خاتون کی فریاد نہیں، بلکہ حرمتِ رسالت، حقِ ولایت، عدالتِ اسلامی اور انسانی شرف کے تحفظ کی فریاد ہے۔

ایامِ عزائے فاطمی درحقیقت تاریخ کے اسی درد کو محسوس کرنے، حقائق کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے اور انسانی ضمیر کو اس کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے ایام ہیں۔ یہ وہ دن ہیں جب مدینۂ منورہ کی خاموش گلیاں، شکستہ دروازے کا دردناک تصور، محسنِ زہرا علیہ السلام کی مظلومیت، مظلومِ اول امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی تنہائی اور بضعۃ المصطفیٰ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شبانہ تدفین ایک بار پھر اہلِ ایمان کے دلوں کو غم و احتجاج سے بھر دیتی ہے۔

یہ کیسا المیہ ہے کہ جس ہستی کے احترام کو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی خوشنودی اور ناراضگی سے وابستہ قرار دیا، اسی ہستی کی زندگی کے آخری ایام تاریخ کے دردناک ترین واقعات کی یادگار بن گئے!

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا محض رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر نہیں، بلکہ مکتبِ وحی کی وہ عظیم شخصیت ہیں جن کی فضیلت و طہارت کا ذکر قرآن و سنت میں نمایاں ہے۔ وہ کوثرِ رسالت، عصمت و طہارت کا مظہر، عبادت و بندگی کی معراج، ایثار و وفا کی تصویر اور دفاعِ حق و ولایت کی تاریخ ساز آواز ہیں۔

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے: "فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، مَنْ أَغْضَبَهَا أَغْضَبَنِي" یعنی: فاطمہ میرے وجود کا حصہ ہیں، جس نے انہیں ناراض کیا، اس نے مجھے ناراض کیا۔

یہ فرمان تاریخ کے ہر دور کے لئے ایک عظیم معیار ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت اور مقام و مرتبہ کو سمجھنے کے لئے صرف ان کا نسبِ رسول کافی نہیں، بلکہ خود رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبانِ مبارک سے بیان ہونے والی ان کی عظمت کو بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔ جس خاتون کی خوشنودی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی اور جن کی ناراضگی کو انکی ناراضگی قرار دیا گیا، ان کی مظلومیت کو معمولی تاریخی اختلاف سمجھ کر نظرانداز کیسے کیا جا سکتا ہے؟ جس گھر کے در و دیوار نزولِ وحی کے گواہ تھے، اس گھرانے کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تحقیق، سوال اور احتجاج سے گریز کیوں؟

محبتِ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا تقاضا صرف ان کے فضائل بیان کرنا نہیں، بلکہ ان کے حقوق، موقف اور مظلومیت کو بھی علمی دیانت اور تاریخی شعور کے ساتھ سمجھنا ہے۔

فدک کا مسئلہ محض ایک زمین، باغ یا مالی ملکیت کا معاملہ نہیں تھا۔ خطبۂ فدکیہ کے مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اس موقع کو توحید، رسالت، قرآن، احکامِ الٰہی، اسلامی معاشرت اور امت کی ذمہ داریوں پر مشتمل ایک جامع علمی و فکری احتجاج میں تبدیل کردیا۔

وہ رسولؐ کی بیٹی تھیں، لیکن اپنے حق کے دفاع میں محض ذاتی نسبت کو دلیل بنانے کے بجائے قرآن کی آیات سے استدلال کرتی ہیں۔ وہ امت کو جھنجھوڑتے ہوئے یاد دلاتی ہیں کہ کیا تم قرآن پڑھتے ہو؟ کیا اس کے احکام سے واقف نہیں؟ کیا انبیائے الٰہی کی میراث سے متعلق قرآنی تعلیمات تمہاری نگاہوں سے اوجھل ہیں؟

یہ ایک ایسی علمی و احتجاجی آواز تھی جس میں بیٹی کا درد بھی تھا، عالمہ کی بصیرت بھی، عابدہ کی روحانیت بھی اور حق طلب شخصیت کی جرأت و استقامت بھی۔

خطبۂ فدکیہ آج بھی ان لوگوں کے لئے آئینہ ہے جو قرآن کی تلاوت تو کرتے ہیں، لیکن اپنے مفادات کے سامنے اس کی تعلیمات فراموش کردیتے ہیں؛ جو حق کی بات تو کرتے ہیں، مگر حق کے تقاضوں پر عمل کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ فدک کا سوال آج بھی زندہ ہے، کیونکہ حق کا سوال کبھی پرانا نہیں ہوتا۔

شہادت و مظلومیت فاطمی کے بیان میں مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی روایات میں نقل ہونے والے واقعات، خصوصاً گھر پر پیش آنے والے مظالم، حضرت محسن علیہ السلام کی شہادت اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو پہنچنے والی جسمانی و روحانی اذیتوں کا ذکر انتہائی درد و سوز کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ یہ واقعات مکتب شیعہ کی مذہبی و تاریخی روایت میں مظلومیتِ زہرا سلام اللہ علیہا کے بنیادی ابواب میں شمار ہوتے ہیں۔

سوال صرف یہ نہیں کہ تاریخ کے صفحات پر ان واقعات کو کتنی مرتبہ قلم بند کیا گیا ہے؛ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے ان کے پیغام کو سمجھا؟ کیا ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ حق کے دفاع میں تنہا کھڑے ہونے کا کیا مطلب ہوتا ہے؟ کیا ہم نے اپنی نسلوں کو یہ بتایا کہ اقتدار، اکثریت اور معاشرتی دباؤ کبھی حق و باطل کا معیار نہیں بن سکتے؟

محسنِ زہرا علیہ السلام کا ذکر آتا ہے تو دل غم سے بھر جاتا ہے۔ ایک معصوم کی مظلومیت، ایک ماں کا درد اور ایک گھرانے پر ٹوٹنے والے مصائب کا تصور ہی روح کو مضطرب کردیتا ہے۔

آج دنیا کے مظلوم بچوں کے لئے آواز بلند کرنے والے ہر انسان کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انسانی ہمدردی کا کوئی جغرافیہ نہیں ہوتا، مظلومیت کی کوئی مذہبی سرحد نہیں ہوتی اور معصوم کے آنسوؤں کی کوئی قومی شناخت نہیں ہوتی۔

ہم دنیا کے مظلوم بچوں کے لئے بھی روتے ہیں، جنگوں میں قتل ہونے والے بے گناہوں کے لئے بھی آواز اٹھاتے ہیں اور محسنِ زہرا علیہ السلام کی مظلومیت کو بھی اپنے عقیدے اور تاریخی شعور کا حصہ سمجھتے ہیں۔ یہ دو الگ راستے نہیں، بلکہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کے ایک ہی انسانی اصول کے مختلف مظاہر ہیں۔

مدینۂ منورہ میں ایک قبر ایسی بھی ہے جس کے مقام کے بارے میں تاریخ میں مختلف اقوال نقل ہوئے ہیں۔ یہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی قبرِ مبارک ہے، جس کا مخفی رہنا صدیوں سے اہلِ دل کو غمگین اور اہلِ فکر کو متوجہ کئے ہوئے ہے۔

شب کی تاریکی میں خاموش تدفین، چند وفادار افراد کی موجودگی اور امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کا وہ درد جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، یہ سب عزائے فاطمی کے رثائی اور تاریخی شعور کا حصہ ہیں۔

مخفی قبر کا مسئلہ محض ایک جغرافیائی سوال نہیں، بلکہ ایک اہم تاریخی سوال بھی ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تاریخ کے بعض واقعات کو سمجھنے کے لئے صرف صفحات کا مطالعہ کافی نہیں، بلکہ ان کے پس منظر، اسباب اور نتائج پر سنجیدہ غور و فکر بھی ضروری ہے۔

اے زائرِ مدینہ! جب مسجدِ نبویؐ میں حاضر ہو تو اس عظیم خاتون کو بھی یاد کرنا جس کی نسبت رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہے، جس کی محبت کو ایمان کا سرمایہ سمجھا جاتا ہے اور جس کی مظلومیت اہل بیت علیہم السلام کے پیروکاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔

عزائے فاطمی ہمیں صرف ماضی کی مظلومیت پر اشک بہانے کی دعوت نہیں دیتی، بلکہ یہ سوال بھی کرتی ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں کتنے لوگ اپنے حقوق سے محروم ہیں؟ کتنی خواتین ظلم و استحصال کا شکار ہیں؟ کتنے بچے جنگوں اور غربت کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں؟ کتنے مظلوم طاقت ور طبقات کے سامنے اپنی آواز بلند کرنے سے محروم ہیں؟ کتنے حقائق مفادات کی دیواروں کے پیچھے چھپا دیے جاتے ہیں؟

اگر ہم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کا ذکر کرتے ہوئے اپنے معاشرے کی مظلوم خواتین سے بے خبر ہیں تو ہمیں اپنے شعورِ عزاداری کا جائزہ لینا چاہیے۔ اگر ہم عصرِ حاضر کے مظالم دیکھ کر خاموش رہتے ہیں تو ہمیں اپنے انسانی ضمیر سے سوال کرنا چاہیے۔ اگر ہم خطبۂ فدکیہ سنتے ہیں، لیکن اپنے معاملات میں جھوٹ، خیانت، ناانصافی اور حق تلفی سے کام لیتے ہیں تو ہمیں اپنی دینی تربیت پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مکتب ہمیں سکھاتا ہے کہ عبادت انسان کو خدا سے جوڑتی ہے اور حقوق العباد کی حفاظت اسے انسانیت سے جوڑتی ہے۔ حقیقی مؤمن وہ ہے جس کے سجدے میں بندگی، زبان میں صداقت، کردار میں عدالت اور دل میں مظلوم کے لئے درد موجود ہو۔

ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ عزائے فاطمی کی مجالس، مرثیے، نوحے، ماتم اور گریہ ہماری مذہبی شناخت اور قلبی وابستگی کے اہم مظاہر ہیں، لیکن ان کا اخلاقی و تربیتی ثمر بھی ہماری زندگیوں میں نمایاں ہونا چاہیے۔

مجلسِ فاطمی صرف مصائب سننے کی جگہ نہیں، بلکہ معرفتِ فاطمی حاصل کرنے کا مرکز بھی ہونی چاہیے۔ منبرِ فاطمی صرف رثائی جذبات کو بیدار نہ کرے، بلکہ علمی بصیرت، دینی شعور، سماجی ذمہ داری اور حق گوئی کا حوصلہ بھی پیدا کرے۔

اہل قلم کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف تاریخی واقعات کی تکرار نہ کریں، بلکہ نئی نسل کے سامنے ان کے فکری، اعتقادی اور اخلاقی پہلو بھی پیش کریں۔

مائیں اپنی بیٹیوں کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عفت، عظمت اور سیرت سے روشناس کرائیں۔ باپ اپنے بیٹوں کو امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی وفا اور سیرتِ فاطمی کے ذریعے تربیت دیں۔ نوجوان حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حق گوئی، بصیرت اور استقامت کو اپنا سرمایہ بنائیں۔ اہلِ علم و دانش مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے علمی و فکری ورثے کو عصرِ حاضر کی زبان میں نئی نسل تک پہنچائیں۔

یہی عزائے فاطمی کی وہ عملی صورت ہے جو ایک فرد سے خاندان، خاندان سے معاشرے اور معاشرے سے پوری انسانیت تک اثر انداز ہوسکتی ہے۔

آج جب دنیا انسانی حقوق، آزادی، مساوات اور انصاف کے نعرے بلند کررہی ہے تو اسے تاریخ کے اس عظیم سوال سے بھی روبرو ہونا چاہیے جو مظلومیتِ زہرا سلام اللہ علیہا کے عنوان سے ہمارے سامنے موجود ہے۔

انسانیت کا امتحان صرف اس وقت نہیں ہوتا جب کوئی بیرونی طاقت ظلم کرے؛ اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب اپنے معاشرے میں ظلم ہو، مظلوم اپنا ہو اور ظالم کو طاقت و اقتدار کی پشت پناہی حاصل ہو۔

حق کا ساتھ دینے کے لئے صرف زبان نہیں، ضمیر کی بیداری بھی ضروری ہے۔ مظلوم کی حمایت کے لئے صرف جذبات نہیں، جرأت، استقامت اور عملی اقدام بھی درکار ہیں۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی اور ان کا احتجاج ہمیں یہی درس دیتے ہیں کہ حق کو پہچانو، اس پر ثابت قدم رہو اور حالات کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، باطل کے سامنے سر نہ جھکاؤ۔

ایامِ عزائے فاطمی ہر سال ہمارے دروازے پر دستک دیتے ہیں۔ مجالس منعقد ہوتی ہیں، ماتم برپا ہوتا ہے، مرثیے پڑھے جاتے ہیں، آنکھیں اشک بار ہوتی ہیں اور مدینے کی مظلومہ بی بیؑ کا ذکر ہوتا ہے۔ لیکن ان تمام مراسم کے بعد ایک سوال باقی رہ جاتا ہے: کیا ہماری زندگی میں کوئی تبدیلی آئی؟ کیا ہم نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا حوصلہ پیدا کیا؟ کیا ہم نے اپنے گھروں میں سیرتِ فاطمی کو جگہ دی؟ کیا ہم نے اپنے معاشرے میں انصاف، دیانت، عفت، علم اور انسانی ہمدردی کو فروغ دیا؟

یاد رکھیے! حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت تاریخ کا ایک دردناک باب ضرور ہے، لیکن ان کا صبر، استقامت، حق گوئی اور دفاعِ ولایت انسانیت کے لئے بیداری، مزاحمت اور امید کا ابدی سرمایہ بھی ہے۔

آئیے! ایامِ عزائے فاطمی میں صرف اپنی آنکھوں کو اشک بار نہ کریں، اپنے ضمیر کو بھی بیدار کریں۔ صرف زبان سے مظلومیتِ زہرا کا نوحہ نہ پڑھیں، بلکہ ہر مظلوم کی حمایت کو اپنا اخلاقی فریضہ سمجھیں۔ صرف مجالس میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر نہ کریں، بلکہ اپنے گھروں، معاشروں اور انفرادی و اجتماعی زندگی میں ان کی تعلیمات کو زندہ کریں۔

اے سوئی ہوئی انسانیت! مدینہ منورہ کی اس خاموش قبر سے اٹھنے والی صدا سن! یہ صرف حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا نوحہ نہیں، بلکہ تیرے ضمیر کی بیداری کا پیغام ہے۔

اے عزادارِ زہرا! اپنے آنسوؤں کو حق کی گواہی، اپنی عقیدت کو معرفت، اپنی معرفت کو بصیرت اور اپنی بصیرت کو عمل میں تبدیل کر! یہی عزائے فاطمی کی روح اور یہی محبتِ فاطمہ سلام اللہ علیہا کا حقیقی تقاضا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha