جمعہ 13 نومبر 2026 - 21:22
کرسی بچانے کے بجائے اصولوں کی خاطر استعفیٰ دیا، امام حسینؑ کا کردار اپنانا ضروری ہے: آغا روح اللہ

حوزہ/ کشمیر سے تعلق رکھنے والے رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے کہا ہے کہ امام حسینؑ سے محبت کا تقاضا صرف عزاداری اور مجالس میں شرکت نہیں، بلکہ آپؑ کے کردار، حق گوئی اور اصول پسندی کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔ اگر کسی منصب کو برقرار رکھنے کے لیے اصولوں اور عوامی وعدوں کی قربانی دینی پڑے تو اس منصب سے دست بردار ہوجانا بہتر ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر سے تعلق رکھنے والے رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے کہا ہے کہ امام حسینؑ سے محبت کا تقاضا صرف عزاداری اور مجالس میں شرکت نہیں، بلکہ آپؑ کے کردار، حق گوئی اور اصول پسندی کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔ اگر کسی منصب کو برقرار رکھنے کے لیے اصولوں اور عوامی وعدوں کی قربانی دینی پڑے تو اس منصب سے دست بردار ہوجانا بہتر ہے۔

گزشتہ جمعہ علی پور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا روح اللہ نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے اپنے استعفے کے پس منظر اور وجوہات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی داستان سننا کافی نہیں، بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ امامؑ کے کردار کو اپنی زندگی میں اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق، داخلی خودمختاری اور آئینی تحفظات کا دفاع تھا۔ ۲۰۱۹ء کے بعد حالات ایسے ہوگئے تھے کہ خاموش رہنا ممکن نہیں رہا۔ جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کی سابقہ سیاسی جماعت عوامی حقوق کے دفاع میں مؤثر کردار ادا نہیں کررہی تو انہوں نے اس سے فاصلہ اختیار کرکے آزادانہ طور پر آواز بلند کی۔

آغا روح اللہ کے مطابق انتخابی عمل کے دوران جماعت کی قیادت نے عوامی حقوق کے لیے جمہوری اور آئینی جدوجہد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد انہوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور پارلیمنٹ پہنچے۔ وہاں انہوں نے کشمیر کے آئینی حقوق اور عوامی مسائل پر آواز اٹھائی، تاہم اسمبلی انتخابات کے بعد صورت حال تبدیل ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ روزگار، ریزرویشن، زیر حراست نوجوانوں، بجلی اور دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے۔ کشمیر کے بنیادی آئینی حقوق کی بحالی کے لیے بھی وہ جدوجہد نظر نہیں آئی جس کی عوام سے توقع دلائی گئی تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد تشدد یا تصادم کے بجائے آئینی، قانونی اور جمہوری راستے پر مبنی ہے۔ ان کے نزدیک سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں، بلکہ عوامی حقوق کا تحفظ اور اصولوں کی پاسداری بھی ہے۔

آغا روح اللہ نے علامہ اقبال کا یہ شعر بھی پڑھا:

اے طائرِ لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی

جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی

انہوں نے امام حسینؑ کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ جس امامؑ نے دین اور اصولوں کی حفاظت کے لیے اپنا پورا گھرانہ قربان کردیا، کیا ان کے پیروکار اپنے اصولوں کی خاطر ایک کرسی بھی قربان نہیں کرسکتے؟

انہوں نے آخر میں کہا کہ ان کا استعفیٰ جدوجہد کا اختتام نہیں، بلکہ ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔ وہ اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق، عزت اور انصاف کے لیے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق انسان کی اصل پہچان اس کا منصب اور اقتدار نہیں، بلکہ اس کا کردار اور اصولوں سے وفاداری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha