حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ حسینیہ بیت الاحزان نجف اشرف کے زیرِ اہتمام حضرت فاطمہ زہراؑ کے ایامِ شہادت کی مناسبت سے قم المقدسہ کے حسینیہ ابوالفضل العباس علیہ السلام میں ایک مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس کا مرکزی عنوان ’’فاطمہؑ کا ذکر، فاطمہؑ کی بارگاہ میں‘‘ تھا۔ اس موقع پر دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراؑ کے فضائل، سیرتِ طاہرہ اور مصائب کا تذکرہ، حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے جوارِ اقدس میں کیا گیا۔

اس سال ایامِ فاطمیہ ایسے غیر معمولی حالات میں منعقد ہو رہے ہیں جب اسلامی جمہوریہ ایران جنگی صورتِ حال سے دوچار ہے اور زمینی راستوں کی بندش کے باعث آمد و رفت میں بھی دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ تاہم ان تمام تر مشکلات کے باوجود حرمِ مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور دیگر مقامات پر منعقد ہونے والی مجالسِ عزاء میں عوام کی غیر معمولی شرکت دیکھنے میں آئی۔
اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر منعقدہ اس مجلس میں بھی طلابِ کرام، زائرین اور محبانِ اہل بیت علیہم السلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کے دوران ماحول میں پائی جانے والی رقت، عقیدت اور جذبۂ عزاداری اس حقیقت کی عکاس تھی کہ جنگی حالات اور سفری مشکلات بھی اہل بیت علیہم السلام سے عوام کی والہانہ وابستگی کو کم نہیں کر سکتے۔ بلکہ ایسے نامساعد حالات میں مجالسِ عزاء کا تسلسل اور خدمتِ عزاداری کا جذبہ مزید قابلِ توجہ اور لائقِ تحسین ہے۔

مجلسِ عزاء کی میزبانی حسینیہ بیت الاحزان نجف اشرف کے مؤسس و خادم مولانا آغا سید ذہین علی نجفی نے کی۔
مجلس کے مختلف مراحل میں علمائے کرام اور منقبت خوانانِ اہل بیت علیہم السلام نے اپنی خدمات پیش کیں۔ نظامت کے فرائض سید اسرار نقوی نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ کلامِ مجید کی سعادت حجۃ الاسلام سید جنت جنتی نقوی نے حاصل کی۔ زین القائم عابدی نے مرثیہ خوانی کی اور شاعرِ اہل بیت زین العابدین خوئی نے منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ مجلس سے خطیبِ اہل بیت حجۃ الاسلام والمسلمین سید مبین حیدر رضوی نے خطاب فرمایا۔
اپنے خطاب کے آغاز میں مولانا سید مبین حیدر رضوی نے مجلس کے عنوان، مقام اور میزبان کی مناسبت سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’فاطمہؑ کا ذکر، فاطمہؑ کی بارگاہ میں‘‘ ایک نہایت بامعنی عنوان ہے۔ آج کی اس مجلس کے میزبان نجف اشرف امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی بارگاہ سے تشریف لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرشِ عزائے فاطمی وہ مقدس بساط ہے جس تک پہنچنے کے لیے انسان کو پاکیزگی اور معرفت کے کئی مراحل طے کرنا پڑتے ہیں۔ آج اس مجلس کے انعقاد کے لیے امیرالمؤمنینؑ کے شہر سے ایک خادمِ عزاء کی آمد بھی اسی نسبت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

انہوں نے معرفتِ فاطمیؑ کے فیوض و برکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ معرفتِ فاطمیہ کے یہ قطرات درحقیقت ایک ایسے پاکیزہ گھرانے کے فیوض ہیں جہاں سے کسی ضرورت مند کو عطا و بخشش حاصل کرنے کے لیے چالیس دروازوں پر دستک نہیں دینی پڑتی، بلکہ اس گھرانے کے ایک ہی در سے سب کچھ میسر آ جاتا ہے۔
مولانا سید مبین حیدر رضوی نے اپنے بیان کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ محض سوگواری اور اظہارِ غم کے ایام نہیں، بلکہ یہ ایام انسان کو دینے، ایثار کرنے اور دوسروں کے کام آنے کا درس دیتے ہیں۔ خواہ یہ عطا علم و معرفت کی صورت میں ہو، معنوی فیوض کی شکل میں یا مادی وسائل کے ذریعے؛ ان ایام کا پیغام یہی ہے کہ انسان دوسروں کے لیے وسیلۂ خیر بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے معاملات میں محض جذبات کے بجائے عقل و شعور اور ہوش و حواس سے کام لینا ضروری ہے، کیونکہ بعض غلطیاں ایسی ہوتی ہیں جن کی تلافی ممکن نہیں ہوتی۔ دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراؑ کی رضا ہی اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی رضا ہے اور آپؑ کی ناراضگی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی ہے۔ اس حقیقت کے پیشِ نظر معرفتِ فاطمہ زہراؑ کا حصول انتہائی ضروری ہے۔

خطیبِ اہل بیت نے معرفتِ فاطمیؑ کی عصرِ حاضر میں اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیطانی وسوسوں اور گمراہ کن قوتوں کو شکست دینے کے لیے حضرت فاطمہ زہراؑ کی حقیقی معرفت ضروری ہے، اور موجودہ حالات میں اس ضرورت کو پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
طلاب و زائرین کی بھرپور شرکت؛ حسینیہ بیت الاحزان کی خدمات کا تذکرہ
مجلس میں قم المقدسہ میں مقیم طلابِ کرام کی کثیر تعداد کے علاوہ زائرین اور محبانِ اہل بیت علیہم السلام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے مولانا محمود حسن رضوی نے اس اقدام کو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس نوعیت کی مجالس کے انعقاد کو دینی و تبلیغی اعتبار سے ایک قابلِ تحسین کاوش قرار دیا۔
مجلس کے دوران ناظمِ منبر نے حسینیہ بیت الاحزان نجف اشرف کی خدمات کا تعارف پیش کرتے ہوئے طلابِ کرام کو بتایا کہ زائرین کی خدمت کے لیے موکب اور حسینیہ بیت الاحزان کی انتظامیہ سال بھر سرگرمِ عمل رہتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حسینیہ کی انتظامیہ طلابِ کرام کی خدمت، معاونت اور ضروریات کے سلسلے میں بھی اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ بابرکت اجتماع حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومیت، معرفت اور سیرتِ طاہرہ کے پیغام کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ نجف اشرف اور قم المقدسہ کے علمی و دینی حلقوں کے درمیان خدمت، تعاون اور اخوت کے رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کی ایک قابلِ قدر کاوش ثابت ہوا۔










آپ کا تبصرہ