اتوار 15 نومبر 2026 - 21:01
خطبۂ فدکیہ قرآن و سنت، حق و انصاف اور دفاعِ ولایت کا عظیم منشور ہے؛ مولانا ملک دبیر عباس

حوزہ/ جامعہ جعفریہ جنڈ میں عشرۂ فاطمیہ کی آخری مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ملک دبیر عباس نے خطبۂ فدکیہ کی قرآنی و اعتقادی اہمیت، حضرت فاطمہ زہراؑ کی حق گوئی اور دفاعِ ولایت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خطبۂ فدکیہ محض فدک کے مطالبے تک محدود نہیں، بلکہ قرآن و سنت، حق و انصاف اور ولایت کے دفاع کا عظیم منشور ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنڈ، ضلع اٹک: جامعہ جعفریہ جنڈ، تحصیل جنڈ، ضلع اٹک میں ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ عشرۂ فاطمیہ کی آخری مجلسِ عزاء سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ملک دبیر عباس نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؑ کے دربار میں دیے گئے تاریخی خطبے کی اہمیت، قرآنی استدلال، حق طلبی اور دفاعِ ولایت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کا خطبہ محض فدک کے مطالبے تک محدود نہیں تھا، بلکہ یہ قرآن، سنت، حق و انصاف اور ولایت کے دفاع کا ایک عظیم منشور تھا۔

مولانا ملک دبیر عباس نے اپنے خطاب میں رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد پیش آنے والے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراؑ نے اپنے حق اور اپنے بابا کے دین کے دفاع کے لیے امت کے سامنے نہایت جرأت مندانہ موقف اختیار کیا۔ آپؑ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کے بعد توحید، نبوت اور قرآن مجید کی عظمت بیان فرمائی اور اپنے موقف کی تائید میں قرآنی آیات سے استدلال کیا۔

انہوں نے خطبۂ فدکیہ میں حضرت فاطمہ زہراؑ کے قرآنی استدلال کی وضاحت کرتے ہوئے آیتِ کریمہ ﴿وَوَرِثَ سُلَيْمَانُ دَاوُودَ﴾ اور حضرت زکریا علیہ السلام کی دعا ﴿فَهَبْ لِي مِن لَّدُنكَ وَلِيًّا ۝ يَرِثُنِي وَيَرِثُ مِنْ آلِ يَعْقُوبَ﴾ کا حوالہ دیا، جن میں انبیائے کرام کی وراثت کا ذکر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ نے ان آیات کے ذریعے امت کے سامنے یہ بنیادی سوال رکھا کہ جب قرآن مجید میں حضرت سلیمان علیہ السلام کو حضرت داؤد علیہ السلام کا وارث قرار دیا گیا ہے اور حضرت زکریا علیہ السلام بھی اپنے لیے وارث کی دعا کرتے ہیں تو پھر انبیائے کرام کی وراثت کی نفی کیسے کی جا سکتی ہے؟ مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن و سنت کو خواہشات کے تابع کرنے کے بجائے حق اور انصاف کی روشنی میں سمجھنا اور ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔

مولانا ملک دبیر عباس نے مزید کہا کہ خطبۂ فدکیہ درحقیقت قرآن و سنت کی روشنی میں حق کی وضاحت اور اسلامی تعلیمات کے تحفظ کی ایک عظیم کوشش ہے۔ حضرت فاطمہ زہراؑ نے اپنے خطبے کے ذریعے امت کو متوجہ کیا کہ دین کے بنیادی اصولوں اور احکامِ الٰہی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور ہر معاملے میں قرآن مجید کو معیارِ حق قرار دینا ضروری ہے۔

مولانا ملک دبیر عباس نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومیت اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد پیش آنے والے مصائب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ عظیم ہستی تھیں جنہیں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے وجود کا حصہ قرار دیتے تھے، لیکن آپؐ کے وصال کے بعد حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ دخترِ رسولؐ کو شدید رنج و الم اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے شیعہ روایات کے حوالے سے گھر پر پیش آنے والے واقعات، حضرت فاطمہ زہراؑ کو پہنچنے والی اذیت، جناب محسن علیہ السلام کی شہادت اور امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی مظلومیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے ان روایات میں حضرت علی علیہ السلام کے گلے میں رسی ڈال کر لے جانے کے واقعے کی طرف بھی اشارہ کیا۔

مولانا نے اس موقع پر حدیثِ نبوی «عَلِيٌّ مَعَ الْحَقِّ وَالْحَقُّ مَعَ عَلِيٍّ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وہ علیؑ ہیں جنہیں رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حق کے ساتھ قرار دیا، اور دوسری طرف دخترِ رسولؑ اپنے بابا کے بعد اسی علیؑ کی مظلومیت کا مشاہدہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؑ کے مصائب کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کے دل پر ایک ساتھ کئی غموں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے؛ ایک طرف بابا کی جدائی کا غم، دوسری طرف اپنے حق کی پامالی، جناب محسنؑ کی شہادت اور امیرالمؤمنینؑ کی مظلومیت کا درد۔ یہ تمام مصائب ایک ہی گھرانے پر گزرے اور حضرت فاطمہ زہراؑ نے ان تمام حالات میں حق، قرآن اور ولایت کے دفاع سے دست برداری اختیار نہیں کی۔

خطاب کے اختتام پر مولانا ملک دبیر عباس نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومیت، صبر، حق گوئی اور دفاعِ ولایت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم ہمیں سیرتِ فاطمیؑ پر عمل کرنے، آپؑ کے صبر و استقامت سے درس لینے اور اہلِ بیت علیہم السلام کی ولایت پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha