اتوار 15 نومبر 2026 - 20:39
دفاعِ ولایت میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی استقامت و حق گوئی تاریخِ اسلام کا روشن باب ہے؛ مولانا محمد معراج رنوی

حوزہ/ چنئی و ویلور میں سہ روزہ مجالسِ عزائے فاطمیہ کا انعقاد؛ مولانا محمد معراج رنوی کا خطاب، سیرتِ فاطمیؑ کو خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل اور دفاعِ ولایت کو حضرت زہراؑ کی جدوجہد کا نمایاں پہلو قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چنئی، تمل ناڈو/ رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دخترِ گرامی، خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت کے ایام کی مناسبت سے چنئی اور اس کے اطراف، بالخصوص ویلور (تمل ناڈو) میں مجالس اور جلوس ہائے عزائے فاطمیہ کا عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد کیا گیا، جن میں مومنین اور عزادارانِ اہل بیت علیہم السلام کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے دخترِ رسولؑ سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

اس سلسلے میں مسجد علی ابن ابی طالب علیہ السلام، ویلور، تمل ناڈو میں منعقدہ سہ روزہ مجالسِ عزائے فاطمیہ سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد معراج رنوی، امام جمعہ پیرس، چنئی نے خطاب کیا۔

مولانا محمد معراج رنوی نے سورۂ مبارکہ کوثر کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی عظمت و فضیلت، مقام و منزلت اور سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیرتِ فاطمی خواتینِ اسلام کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ ایک باحجاب خاتون عفت و پاکدامنی اور اسلامی اقدار کی پاسداری کے ساتھ نہ صرف گھریلو ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دے سکتی ہے بلکہ معاشرے میں بھی ایک مؤثر، فعال اور تعمیری کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی بے مثال دینی و سماجی خدمات اور تاریخِ اسلام میں آپ کے نمایاں کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے جنگِ اُحد کے موقع پر رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دلجوئی، تیمارداری اور طبی امداد کے واقعات بیان کیے۔ اسی طرح معاشرتی روابط، انسان دوستی اور سماجی خدمت کے حوالے سے یہودی خاتون کو غسل دینے، ایک یہودی لڑکی کی شادی کے سلسلے میں شرکت اور دعوتِ اسلام سمیت دیگر تاریخی واقعات کا ذکر کیا۔

مولانا معراج رنوی نے واقعۂ مباہلہ میں حضرت فاطمہ زہراؑ کی شرکت کو توحید کے پیغام اور آبروئے رسالت کے تحفظ کے حوالے سے ایک عظیم تاریخی واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے مسئلۂ فدک کے ضمن میں حضرت زہراؑ کے حق طلبانہ موقف، خطبۂ فدکیہ اور فدک و خلافت کے مسئلے پر آپ کے جرأت مندانہ مؤقف پر بھی روشنی ڈالی۔ اس ضمن میں انہوں نے اس دور کے حکمرانوں کے طرزِ عمل اور حق و احکامِ الٰہی سے انحراف کے مختلف پہلوؤں کو بھی واضح کیا۔

اپنے خطاب کے آخری حصے میں انہوں نے سیرتِ فاطمیؑ اور دفاعِ ولایت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؑ کی بے مثال استقامت، حق گوئی اور ولایتِ امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے دفاع میں آپ کی ناقابلِ فراموش جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس تاریخی جدوجہد کو حق و باطل کی پہچان اور تحفظِ ولایت کے حوالے سے ایک روشن مثال قرار دیا۔

مجالس کے اختتامی حصے میں حضرت فاطمہ زہراؑ پر ڈھائے جانے والے مظالم اور آپ کی مظلومانہ شہادت کے مصائب بیان کیے گئے۔ مرثیوں اور مصائبِ فاطمیہ کے دردناک تذکروں نے ماحول کو سوگوار کر دیا، جس پر حاضرینِ مجلس نے گریہ و زاری کے ذریعے مظلومۂ عالم کی شہادت پر اپنے رنج و غم اور عقیدت کا اظہار کیا۔

مجالس کے اختتام پر شہزادیِ کونین حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت کے پُرالم موقع پر فرزندِ زہراؑ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہِ اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کی گئی۔

وَسَيَعْلَمُ الَّذِينَ ظَلَمُوا أَيَّ مُنْقَلَبٍ يَنْقَلِبُونَ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha