حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے مسجد امام موسیٰ کاظمؑ، ڈھاڈر، ضلع بولان بلوچستان پاکستان میں مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
مجلس سے مجلسِ علمائے مکتبِ اہل بیت بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا ذوالفقار علی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراؑ کی عظیم شخصیت، فضائل و مناقب، سیرت و تعلیمات اور اسلام کی سربلندی کے لیے آپؑ کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی زندگی تمام مسلمانوں، بالخصوص خواتین کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔ آپؑ کی سیرتِ طیبہ ہمیں حق گوئی، صبر و استقامت، عبادت، تقویٰ اور دینِ اسلام سے وفاداری کا درس دیتی ہے۔
اس موقع پر برادر امجد علی عباسی، برادر سفیر حسین سولنگی اور دیگر منقبت خوانوں نے بارگاہِ سیدہ فاطمہ زہراؑ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کرتے ہوئے خوبصورت منقبت پڑھی، جس سے محفل کا ماحول عقیدت و مودت سے معطر ہوگیا۔
مجلس کے اختتام پر بارگاہِ الٰہی میں دعا کی گئی اور حضرت فاطمہ زہراؑ کی مظلومانہ شہادت پر پرسہ پیش کیا گیا۔










آپ کا تبصرہ