حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے قم المقدسہ میں حرمِ مطہر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک منعقد ہونے والی پیدل مشی میں شریک زائرین اور عزادارانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت کے لیے تشکلِ فرهنگی و تبلیغی نجم الولایہ، طلابِ ڈیرہ اسماعیل خان مقیم قم المقدسہ کی جانب سے ’’موکب شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان (پاکستان، خیبر پختونخوا)‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس کے تحت مسلسل پانچ شب و روز زائرین کی پذیرائی اور خدمت کا سلسلہ جاری رہا۔
موکب کے منتظمین کے مطابق، یہ خدمت 28 جمادی الاولیٰ سے 3 جمادی الثانی کی شام تک جاری رہی۔ اس دوران حرمِ مطہر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران کی جانب پیدل مشی میں شریک زائرین، عزاداران اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کو مختلف سہولیات فراہم کی گئیں۔
موکب میں زائرین کی پذیرائی کے لیے چائے، پاکستانی روایتی کھانوں اور مختلف ضیافتوں کا انتظام کیا گیا تھا، جبکہ ایامِ شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے نوحہ خوانی، سینہ زنی اور دیگر عزاداری کے پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔ موکب کا ماحول ذکرِ سیدۂ دو عالم سلام اللہ علیہا، بیانِ مصائب اور اظہارِ عقیدت سے معمور رہا۔
موکب کے منتظمین اور خادمین نے اس خدمت کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایامِ فاطمیہ میں زائرین اور عزادارانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی خدمت ہمارے لیے محض ایک انتظامی سرگرمی نہیں، بلکہ سیدۂ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے عقیدت، محبت اور وفاداری کے اظہار کا ایک مختصر ذریعہ ہے۔ ہماری کوشش تھی کہ پیدل مشی میں شریک زائرین کو حتی المقدور سہولت فراہم کی جائے اور ان کے لیے ایسا ماحول مہیا کیا جائے جہاں عزاداری، ذکرِ اہلِ بیت علیہم السلام اور خدمت کا جذبہ یکجا نظر آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موکب کو ’’شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان‘‘ کے نام سے موسوم کرنے کا مقصد اپنے علاقے کے شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا اور ان کے ایثار و قربانی کے عظیم جذبے سے تجدیدِ عہد کرنا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شہداء کی یاد صرف یادگاری تقریبات تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ان کے نام اور مقاصد کو خدمتِ خلق، ایثار، عزاداری اور ثقافتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے فروغ کے ذریعے زندہ رکھا جانا چاہیے۔
منتظمین نے موکب کے قیام اور اس کے تسلسل میں تعاون کرنے والے تمام خادمین، اراکین، مخیر حضرات اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ خدمت تمام ساتھیوں کی مخلصانہ کاوشوں، شبانہ روز محنت اور مالی و معنوی تعاون کا نتیجہ ہے۔ ان تمام افراد کی معاونت نے اس خدمت کو بہتر انداز میں جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستگی، شعائرِ فاطمی و حسینی کی پاسداری اور عزاداران و زائرین کی خدمت کا یہ جذبہ آئندہ بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ انکا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری پہچان ہے، زائرین کی خدمت ہمارا شعار اور یادِ شہداء کو زندہ رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔










آپ کا تبصرہ