بدھ 18 نومبر 2026 - 13:37
نائیجیریا، ساحلِ عاج اور نائجر میں مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد؛ سیرتِ اہلِ بیتؑ کے فروغ پر زور

حوزہ/ عتبہ عباسیہ کے زیرِ اہتمام افریقی ممالک نائیجیریا، ساحلِ عاج اور نائجر میں تین مجالسِ عزائے فاطمی منعقد کی گئیں، جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ، اسلامی تعلیمات کے تحفظ اور دفاعِ امامت کے لیے آپؑ کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عتبہ عباسیہ کے زیرِ اہتمام افریقی ممالک نائیجیریا، ساحلِ عاج اور نائجر میں تین مجالسِ عزائے فاطمی منعقد کی گئیں، جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ، اسلامی تعلیمات کے تحفظ اور دفاعِ امامت کے لیے آپؑ کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا۔

یہ مجالس حرمِ حضرت عباس علیہ السلام کے مرکزِ مطالعاتِ افریقیہ کی نگرانی میں افریقی ممالک میں اس کے رابطہ کاروں کے تعاون سے منعقد ہوئیں، جن میں مؤمنین اور دینی مدارس کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرکز کے شعبۂ تبلیغِ دینی کے ذمہ دار سید مسلم الجابری نے بتایا کہ پہلی مجلس نائیجیریا کی ریاست کدونا میں مدرسۂ سلمان محمدی کے تعاون سے منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شیخ ہاشم یوسف غرب نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ڈھائے جانے والے مظالم کے موضوع پر خطاب کیا اور دفاعِ امامت اور اسلامی اصولوں کے تحفظ کے سلسلے میں آپؑ کے موقف کو بیان کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوسری مجلس ساحلِ عاج کے شہر بوندوکو میں منعقد ہوئی، جس میں ’’حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور والد گرامی کی رحلت کے بعد اسلام میں آپؑ کا کردار‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا گیا۔ اس مجلس میں آپؑ کی سیرت، دینی و تبلیغی جدوجہد اور اسلامی تعلیمات کے دفاع میں آپؑ کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

سید مسلم الجابری کے مطابق، تیسری مجلس نائجر کےا حوزۂ علمیہ خواہران، مدرسۂ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میں شیخ سلیمان آدا کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں حوزہ علمیہ کی طالبات اور مؤمنین نے شرکت کی۔ اس موقع پر حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت اور دینِ اسلام کی حفاظت کے لیے آپؑ کی بے مثال قربانیوں کو بیان کیا گیا اور آپؑ کو اسلامی اصولوں اور اقدار پر استقامت کی ایک مثالی شخصیت قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ان مجالس کا انعقاد مرکزِ مطالعاتِ افریقیہ کے تبلیغی پروگراموں کا حصہ ہے، جن کا مقصد افریقی ممالک میں دینی مناسبتوں کو زندہ رکھنا، اہلِ بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات سے آگاہی کو فروغ دینا اور ان کی اسلامی و اخلاقی اقدار کو معاشرے میں مستحکم کرنا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha