جمعہ 13 نومبر 2026 - 23:50
ایامِ فاطمیہ کی مناسبت حسینیہ بلتستانیہ میں سہ روزہ مجالسِ عزاء کا انعقاد؛ علماء و طلاب کی بھرپور شرکت

حوزہ/ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے قم المقدسہ میں حسینیہ بلتستانیہ میں تین روزہ مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، طلابِ حوزہ علمیہ اور زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے قم المقدسہ کے حسینیہ بلتستانیہ میں تین روزہ مجالسِ عزائے فاطمی کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، طلابِ حوزہ علمیہ اور زائرین نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ان مجالس میں ہر روز مختلف عالمِ دین نے خطاب کیا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ، مقام و منزلت، خطبۂ فدک، سماجی و سیاسی خدمات اور ولایت و امامت کے دفاع میں آپؑ کے تاریخی کردار کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا۔

تین روزہ مجالسِ عزاء کی پہلی مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین سید جواد موسوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت اور آپؑ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے خطبۂ فدک کو معرفتِ الٰہی، حق شناسی اور دفاعِ ولایت کا ایک اہم نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے سیرتِ فاطمی کو حق و باطل کی پہچان اور حق کے دفاع میں استقامت کا روشن درس قرار دیتے ہوئے اس پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ یوسف عابدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیاسی و سماجی جدوجہد اور ولایت و امامت کے دفاع میں آپؑ کے تاریخی کردار کو موضوعِ سخن بنایا۔ انہوں نے واقعۂ فدک اور رحلتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پیش آنے والے حالات کا ذکر کرتے ہوئے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے موقف کو حق کے دفاع، باطل کے مقابلے میں استقامت اور امت کی فکری بیداری کی ایک نمایاں مثال قرار دیا۔

تیسری مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ خادم حسین حافظی نے خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، مصائب اور دفاعِ حق کے لئے آپؑ کی بے مثال استقامت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سیرتِ فاطمی کو ظلم کے مقابلے میں مقاومت، حق گوئی اور دینی اصولوں کی پاسداری کا سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی جدوجہد محض ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ہر دور کے اہلِ حق کے لئے رہنمائی کا پیغام ہے۔

تین روزہ مجالسِ عزاء میں علماء کرام، طلابِ حوزہ علمیہ اور زائرین کی کثیر تعداد میں شرکت نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے عقیدت و وابستگی کا اظہار کیا۔ ان مجالس کے ذریعے سیرتِ فاطمی، دفاعِ ولایت، حق و باطل کی شناخت اور ظلم کے مقابلے میں استقامت کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔

ایامِ فاطمیہ کی مناسبت حسینیہ بلتستانیہ میں سہ روزہ مجالسِ عزاء کا انعقاد؛علماء و طلاب کی بھرپور شرکت

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha