جمعہ 13 نومبر 2026 - 15:36
حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت خواتین ہی نہیں، تمام مؤمنین کے لیے مشعلِ راہ ہے

مدیر جامعۃ الزہرا (س):

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت خواتین ہی نہیں، تمام مؤمنین کے لیے مشعلِ راہ ہے

طلاب کرام ذاتی خواہشات پر رضائے الٰہی کو ترجیح دے کر شہداء کا راستہ زندہ رکھیں

حوزہ / جامعۃ الزہرا (س) کی مدیر نے شہید طلبہ کے اہل خانہ سے ملاقات میں کہا: طلاب، امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے سپاہی ہونے کے ناطے شہداء کے راستے کو زندہ رکھنے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں مراقبۂ نفس، رضائے الٰہی کو ذاتی خواہشات پر ترجیح دینے اور ولایت سے وابستگی کے ذریعہ اس راستے پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ الزہرا (س) کی مدیر محترمہ سیدہ زہرہ برقعی نے آٹھ سالہ دفاعِ مقدس کے شہداء میں شامل طالب علم شہید اسماعیل صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران شہداء کی معنوی خصوصیات اور ان کے روحانی ارتقا کے مراحل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: یہ ایک اہم سوال ہے کہ پندرہ سال کا نوجوان کس طرح مختصر مدت میں خودسازی اور نفس پر قابو پانے کے ایسے مقام تک پہنچ جاتا ہے کہ دنیا کی تمام ظاہری کشش کو پسِ پشت ڈال کر دین اور الٰہی اقدار کے دفاع کے لیے میدانِ جہاد میں اتر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا: ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ محاذِ جنگ پر نوجوانوں کے سامنے کون سی حقیقت آشکار ہوئی تھی جس نے انہیں دنیاوی وابستگیوں سے آسانی کے ساتھ گزرنے اور اپنی تمام صلاحیتیں خدا کی راہ میں صرف کرنے کے قابل بنایا۔

مدیر جامعۃ الزہرا (س) نے مراقبۂ نفس، محاسبۂ نفس اور خود احتسابی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: خودسازی کا ایک بنیادی مرحلہ یہ ہے کہ انسان اپنی پوری زندگی میں اللہ تعالیٰ کو اپنے اعمال کا ناظر و شاہد سمجھے اور ہر کام اس کی رضا کے لیے انجام دے۔

انہوں نے کہا: شہداء اور مجاہدین نے خودسازی کے طویل مراحل مختصر مدت میں طے کیے۔ عام حالات میں اعلیٰ معنوی مقامات تک پہنچنے کے لیے مجاہدۂ نفس، زہد، دنیاوی وابستگیوں سے دوری اور عبادت و بندگی کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن محاذوں پر ایسے حالات پیدا ہوئے کہ ہمارے نوجوانوں نے ایک رات میں سو سال کا راستہ طے کر لیا۔

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت خواتین ہی نہیں، تمام مؤمنین کے لیے مشعلِ راہ ہے

محترمہ سیدہ برقعی نے امام خمینی (رہ) کا حوالہ ذکر کرتے ہوئے کہا: جب دشمنانِ دین لوگوں کو روزمرہ زندگی اور مادی ظواہر میں مصروف رکھ کر ان کی اخلاقی اور انسانی اقدار کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اس وقت امام خمینی (رہ) نے ایسے افراد کی تربیت کی جنہوں نے اپنی تمام وابستگیاں دین اور الٰہی اقدار کے دفاع کے لیے وقف کر دیں۔

انہوں نے مزید کہا: امام خمینی (رہ) کے مکتب میں ایسی خواتین کی تربیت ہوئی جو اپنے بیٹوں کو ایمان اور رضامندی کے ساتھ محاذوں پر بھیجتی تھیں اور ایسی خواتین بھی سامنے آئیں جنہوں نے معذور اور نخاعی طور پر مفلوج جانبازوں سے شادی کرکے اپنی جوانی اور زندگی ان کی خدمت اور رفاقت کے لیے وقف کر دی۔ یہ تبدیلی دشمنوں کی ان تمام سازشوں کے لیے بڑا دھچکا تھی جن کا مقصد لوگوں کو دین سے دور کرنا تھا۔

مدیر جامعۃ الزہرا (س) نے جامعۃ الزہرا کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا: آپ امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے سپاہی بننے والی ہیں، اس لیے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ شہداء کے راستے کو زندہ رکھیں۔ یہ راستہ آسانی سے حاصل نہیں ہوتا بلکہ اس کی بنیادی شرط اپنے نفس پر قابو پانا اور یہ دیکھنا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سے کیا چاہتا ہے۔

انہوں نے دفاعِ ولایت کے راستے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت کو حقیقی معنوں میں نمونۂ عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا: امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے ایک حدیث میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو اپنا نمونۂ عمل قرار دیا ہے۔ یہ عظیم مقام اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت صرف خواتین کے لیے ایک نمونۂ عمل نہیں بلکہ ایک مؤمن اور ولایت مدار انسان کے بنیادی اصولوں اور معیاروں کی بھی عکاس ہے۔

محترمہ سیدہ برقعی نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کا ایک اہم ترین پہلو ولایت کی حمایت اور ولیِ خدا کو اپنی ذات، ذاتی خواہشات اور دنیاوی وابستگیوں پر مقدم رکھنا ہے۔ یہ حقیقت اہلِ بیت علیہم السلام کے تمام پیروکاروں، بالخصوص طلابِ حوزہ علمیہ کے لیے ایک بڑا درس ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha