حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت با سعادت کے موقع پر جامعۃ الزہرا (س)تنظیم المکاتب گولہ گنج میں محفل مسرت منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز محترمہ منتظر زہرا طالبہ جامعۃ الزہراؑ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔
محترمہ عابدہ بتول طالبہ جامعۃ الزہراؑ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت پر مقالہ پیش کیا، بعدہ طالبات نے بارگاہ عصمت کبریٰ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مناسبت سے مربوط تعلیمی مظاہرے پیش کئے اور محترمہ ام عذرا مبلغہ جامعۃ الزہرا ؑ تنظیم المکاتب نے تقریر کی۔
محترمہ بنت الہدیٰ معلمہ جامعۃ الزہرا (س) نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے تربیتی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت عالم بشریت خصوصا خواتین کے لئے نمونہ عمل ہے، آپ کی ہی سیرت پر چل کر نسلوں کی بہترین تربیت کی جاسکتی ہے۔
آخر میں محترمہ ناظرہ جعفر انچارج جامعۃ الزہراؑ تنظیم المکاتب نے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حدیث’’مرد اپنے گھر والوں کے لئے سرپرست اور نگراں ہے اور ان کے بارے میں اس(مرد) سے پوچھ تاچھ کی جائےگی ۔اور عورت اپنے شوہر کے گھر والوں کے لئےاوراس کے بچوں کے لئے سرپرست و نگراں ہے اور ان کے بارے میں اس (عورت) سے پوچھ تاچھ کی جائے گی‘‘ کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ احسان ، محبت اور تعاون علی البر و التقویٰ کے سایہ میں ہی گھریلو ماحول کو خوشگوار بنایا جا سکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے محفل مسرت میں شریک کنیزان سیدہؑ کا شکریہ ادا کیا۔ دعائے فرج پر محفل کا اختتام ہوا۔