جمعرات 19 نومبر 2026 - 00:29
آیت الله وحید خراسانی کا سانحہِ ارتحال؛ عالمِ اسلام کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان، ایک عہد کا خاتمہ

آیت الله وحید خراسانی کا سانحہِ ارتحال؛ عالمِ اسلام کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان، ایک عہد کا خاتمہ

اثر فاؤنڈیشن و اثر ٹائمز کے سربراہ و معروف صحافی جناب شوکت بھارتی کا آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

حوزہ/اثر فاؤنڈیشن اثر ٹائمز کے سربراہ نے کہا کہ نہایت رنج و غم اور گہرے قلبی صدمے کے ساتھ آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔ ان کا وصال عالمِ اسلام، بالخصوص مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے لیے ایک عظیم علمی، دینی اور روحانی سانحہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اثر فاؤنڈیشن و اثر ٹائمز کے سربراہ و معروف صحافی جناب شوکت بھارتی نے آیت اللہ وحید خراسانی کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی ان عظیم علمی شخصیات میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، علومِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج، دینی تعلیم و تدریس اور نسلِ نو کی علمی و فکری تربیت کے لیے وقف کر دی۔ حوزۂ علمیہ میں ان کی طویل تدریسی خدمات، علمی مقام اور ان کے تربیت یافتہ شاگرد ان کی گراں قدر میراث کا حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شخصیت کا ایک نہایت اہم اور قابلِ قدر پہلو اہلِ بیت علیہم السلام سے والہانہ وابستگی، بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور مصائب کے ذکر کو زندہ رکھنے کا عزم تھا۔ انہوں نے اپنے علمی و دینی مقام کے ساتھ مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور پیغام کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ان کی رحلت سے صرف ایک بزرگ عالمِ دین ہم سے جدا نہیں ہوئے، بلکہ عالمِ اسلام ایک ایسی علمی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے جس کی زندگی علم، تدریس، دینی بصیرت اور اہلِ بیت علیہم السلام سے وفاداری کی روشن مثال تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ علماء کی عظمت صرف ان کے عہدے یا شہرت سے نہیں بلکہ ان کے علمی آثار، ان کی تربیت سے پروان چڑھنے والی نسلوں اور ان کے دینی کردار سے پہچانی جاتی ہے۔ اس اعتبار سے شیخ حسین وحید خراسانی کی علمی و دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شوکت بھارتی نے مزید کہا کہ میں اس عظیم سانحے پر ان کے اہلِ خانہ، شاگردوں، عقیدت مندوں، حوزہ ہائے علمیہ اور پوری ملتِ اسلامیہ کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ پروردگارِ عالم بحقِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے اور ان کے تمام پسماندگان، شاگردوں اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha