حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی نائب صدر شیعہ علما کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر تسلیت پیش کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ جس کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
جہانِ تشیع کی عظیم علمی و روحانی شخصیت، علم و فقاہت کے درخشاں ستارے، مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے بلند پایہ محقق، عظیم فقیہ اور مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت پر عالمِ اسلام، بالخصوص تمام حوزاتِ علمیہ، مراجعِ عظام، علمائے کرام، ان کے محترم خانوادے، شاگردوں اور عقیدت مندوں بالخصوص حضرت صاحب الزمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی بارگاہِ اقدس میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
بلاشبہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی ایک عظیم علمی، دینی اور روحانی شخصیت تھے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی اخلاص اور استقامت کے ساتھ مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات، معارف، سیرت اور کردار کی ترویج و تبلیغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ آپ کی علمی خدمات، تحقیقی کاوشیں، تدریسی سرگرمیاں اور تربیتِ علماء و مجتہدین تاریخِ تشیع کا ایک روشن باب ہیں۔
آپ نے طویل عرصہ حوزہ علمیہ قم میں تدریس، تحقیق، تربیت اور علمی رہنمائی کے ذریعے ایسے لائق، ممتاز اور صاحبِ علم شاگردوں کی تربیت فرمائی جو آج مختلف علمی و دینی میدانوں میں مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ بالخصوص جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضائل کے بیان، اہل بیت علیہم السلام کی محبت و معرفت اور سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے فروغ اوراہمیت اجاگر کرنے میں آپ کی خدمات نہایت نمایاں اور قابلِ قدر ہیں۔
آپ کی رحلت سے عالمِ تشیع ایک عظیم علمی و روحانی سرمایہ سے محروم ہو گیا ہے، تاہم آپ کے علمی آثار، فکری رہنمائی، تربیت یافتہ شاگرد اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے لیے آپ کی گراں قدر خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی خدماتِ دینی و علمی کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ ترین درجات اور جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شفاعت نصیب فرمائے اور رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے۔
ہم ان کے خانوادے، شاگردوں، عقیدت مندوں اور تمام ملتِ تشیع کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عارف حسین واحدی، مرکزی نائب صدر شیعہ علما کونسل پاکستان










آپ کا تبصرہ