جمعرات 19 نومبر 2026 - 08:50
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رہ) کی رحلت پر اہلِ بیتؑ فاؤنڈیشن ہند کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ صدر اہلِ بیتؑ فاؤنڈیشن ہندوستان حجۃ الاسلام و المسلمین سید سرور عباس نقوی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی (رح) کے سانحۂ ارتحال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رحلت حوزاتِ علمیہ اور عالمِ تشیع کے لئے ایک ناقابلِ تلافی علمی و دینی نقصان ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہلِ بیتؑ فاؤنڈیشن ہندوستان کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین سید سرور عباس نقوی نے مرجعِ عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

«إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِی الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا یَسُدُّهَا شَیْءٌ إِلَى یَوْمِ الْقِیَامَةِ»۔

مرجعِ عالی قدرِ جہانِ تشیع اور حوزۂ علمیہ قم المقدسہ کے جلیل القدر استاد، حضرت آیت اللہ العظمیٰ آقاۓ شیخ حسین وحید خراسانی (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کے ارتحال کی المناک خبر سے گہرا دکھ ہوا اور پوری دنیائے تشیع سوگوار ہو گئی۔

اس عظیم عالمِ ربانی نے اپنی پوری بابرکت زندگی معارفِ اسلامی کی حفاظت، علومِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت اور نسل در نسل علما و فقہا کی تربیت میں صرف کی۔ ان کی رحلت حوزاتِ علمیہ اور علمی و دینی حلقوں کے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

آپ اپنے بلند علمی مقام، فقہ و اصول میں طویل تدریسی و تحقیقی خدمات اور گرانقدر علمی کاوشوں کے باعث عالمِ اسلام کی علمی و فقہی تاریخ میں ایک ممتاز مقام کے حامل تھے۔ آپ نے تشیع کے علمی سرمایہ کو وسعت دینے اور عصرِ حاضر میں فقہی و اجتہادی فکر کی آبیاری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آپ کی علمی خدمات، دینی جدوجہد اور آپ کے گرانقدر آثار آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ اور حوزاتِ علمیہ کا قیمتی سرمایہ رہیں گے۔

بیشک آپ کی رحلت نے عالمِ اسلام کو علم و فضل، اور معنویت کے ایک عظیم سرچشمے سے محروم کر دیا ہے۔

میں اپنی جانب سے اور اہلِ بیت فاؤنڈیشن(ہند) کے تمام اراکین کی جانب سے اس عظیم سانحۂ ارتحال پر حضرت ولیِ عصر(عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف)، مراجعِ عظامِ تقلید، علمائے اعلام،حوزاتِ علمیہ،مرحوم کے اہل خانہ، شاگردانِ محترم، عقیدت مندوں اور پوری دنیائے تشیع کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

اور ہم اراکین موسسہ فرہنگی اہل بیت(ع) بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ پروردگارِ عالم مرحوم کی روحِ مطہر کو اپنی وسیع رحمت و رضوان سے نوازے، محمد و آل محمد علیہم السلام کے جوار میں جگہ دے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے اور ان کے پسماندگان، بالخصوص فرزندانِ گرامی، نیز تمام لواحقین اور سوگواروں کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سید سرورعباس نقوی

صدر اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن(ہندوستان)۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha