حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان دیرینہ ثقافتی، علمی اور تہذیبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے نئی دہلی میں ’’ایران و ہندوستان کے ثقافتی تعلقات‘‘ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی سمپوزیم منعقد ہوا، جس میں دونوں ملکوں کے مشترکہ تہذیبی ورثے، علمی تعاون، زبان و ادب کے فروغ اور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی میں منعقد ہونے والے اس سمپوزیم میں تنظیمِ ثقافت و اسلامی روابط کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور، ہندوستان میں رہبر معظم کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبد المجید حکیم الٰہی، ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی مشیر ڈاکٹر فرید الدین فرید عصر، جامعات کے اساتذہ، دانشوروں اور مختلف مذاہب کے مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ایران و ہندوستان؛ صدیوں پر محیط علمی اور تہذیبی رشتہ
ہندوستان میں رہبر معظم کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین حکیم الٰہی نے اپنے خطاب میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان دنیا کی دو قدیم تہذیبوں کے مراکز ہیں، جن کے درمیان صدیوں سے زبان، ادب، علم، حکمت اور روحانیت کے ذریعے گہرے تعلقات قائم رہے ہیں۔ یہ مشترکہ ورثہ آج بھی دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اور ثقافتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخی مشترکات اسی وقت عملی طور پر مفید ثابت ہوسکتی ہیں، جب انہیں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جامعات کے درمیان مسلسل رابطوں اور ادارہ جاتی تعاون کی صورت دی جائے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین حکیم الٰہی نے ہندوستان کے موجودہ حالات اور اس کی مختلف صلاحیتوں کو سمجھنے کے ساتھ دونوں ملکوں کے ہزاروں سالہ مشترکہ ورثے سے علمی استفادے کو بھی باہمی تعاون کے اہم میدان قرار دیا۔
انہوں نے ہندوستان کے مذہبی، لسانی اور ثقافتی تنوع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ثقافتی روابط کو کسی ایک مذہب یا طبقے تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ ان میں تمام مذاہب، ثقافتی گروہوں، علمی اداروں اور جامعات کو شامل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعلیمی پروگراموں کے انعقاد، جامعاتی تعاون کے فروغ، اہم علمی و ادبی کتابوں کے ترجمے اور اشاعت نیز محققین کے لیے مطالعاتی مواقع فراہم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔
آخر میں انہوں نے نئی دہلی میں ایرانی ثقافتی مرکز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ہندوستان کے علمی حلقوں اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان ایک معتبر اور قابلِ اعتماد ادارہ قرار دیا۔
تہذیبی شناخت ایران اور ہندوستان کا مشترکہ وصف ہے
ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی مشیر ڈاکٹر فرید الدین فرید عصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور ہندوستان کی شناخت میں تہذیب کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ دونوں ملک اپنی تاریخ، ثقافت اور تہذیبی ورثے کو قومی شناخت کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی یہ مشترکہ سوچ مختلف قومیتوں، ثقافتوں، مذاہب اور روایات کو قبول کرنے اور سماجی اختلافات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے تاریخی شناخت اور مقامی ثقافت کی بحالی کو بھی دونوں ملکوں کا مشترکہ پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان دونوں اپنی تاریخی جڑوں سے وابستگی اور اپنی تہذیبی روایات کے تحفظ پر زور دیتے ہیں۔
ڈاکٹر فرید عصر نے معاشرے میں مذہب کے کردار کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک اور مشترکہ پہلو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان دونوں مذہبی اور روحانی روایات کے حامل ممالک ہیں، جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی اور مذہبی مکالمے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میدان میں دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ایران اور ہندوستان ایک دوسرے کی شناخت کا حصہ ہیں
معروف ہندوستانی دانشور بلرام شکلا نے ایران میں اپنے قیام کی یادیں بیان کرتے ہوئے نئی دہلی میں ایرانی ثقافتی مرکز کی جانب سے فارسی زبان کی تعلیم کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے گہرے ثقافتی تعلقات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: ’’ہندوستان اور ایران ایک دوسرے کے وجود کا حصہ ہیں۔ اگر ہم ایک دوسرے کو نہیں پہچانیں گے تو درحقیقت اپنی شناخت کو بھی پوری طرح نہیں سمجھ سکیں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ کسی دوسرے ملک کی ثقافت اور تہذیب کو سمجھنے سے انسان اپنے معاشرے اور اپنی ثقافتی شناخت کو بھی بہتر انداز میں پہچان سکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے رسول اکرمؐ کی اس حدیث کا حوالہ بھی دیا کہ مؤمن، مؤمن کا آئینہ ہے۔
ڈاکٹر بلرام شکلا نے ہندوستانی معاشرے کی ایک نمایاں خصوصیت کے طور پر مختلف مذاہب اور مسالک کے پیروکاروں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کا ذکر کیا۔
فارسی زبان؛ دونوں ملکوں کے مشترکہ ورثے کی اہم کڑی
پروفیسر چندر شیکھر نے ہندوستان میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان پُرامن بقائے باہمی کا ذکر کرتے ہوئے ایران اور ہندوستان کو قدیم تاریخ اور عظیم تہذیبی ورثے کے حامل ممالک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک ایسے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے وارث ہیں، جو انہیں دنیا کی قدیم تہذیبوں سے جوڑتا ہے۔ یہی مشترکہ ورثہ دونوں قوموں کے درمیان قربت اور دوستی کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے حالیہ حالات میں ہندوستانی عوام کی جانب سے ایرانی قوم کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر چندر شیکھر نے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں فارسی زبان کے قدیم قلمی نسخوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی کئی زبانوں میں فارسی کے الفاظ بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ مشترکہ لسانی ورثہ دونوں ملکوں کے درمیان علمی، ادبی اور تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔
ایران و ہندوستان کے عوامی اور تعلیمی روابط بڑھانے کی ضرورت
ہندوستان کی پارلیمنٹ برائے مذاہب کے ترجمان گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے ایران کے اپنے سفر اور شہید رہبر آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کے جسد خاکی کی تشییع میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد فارسی زبان بولتے تھے اور اسی وجہ سے انہیں بچپن ہی سے نئی دہلی میں ایرانی ثقافتی مرکز سے واقفیت حاصل رہی۔

انہوں نے تشییع کے موقع پر ہندوستانی عوام کی نمائندگی میں اپنی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مذہبی عقائد اور روحانی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
گوسوامی سوشیل جی مہاراج نے ایران اور ہندوستان کے درمیان عوامی، ثقافتی اور تعلیمی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی جامعات اور تعلیمی اداروں کی صلاحیتوں سے ہندوستانی طلبہ کو زیادہ سے زیادہ روشناس کرایا جانا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور ہندوستان عالمی سطح پر امن و سلامتی کے قیام اور ایک بہتر عالمی نظام کی تشکیل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کریں گے۔
سکھ برادری کے ساتھ تاریخی تعلقات کی بحالی کی تجویز
ہندوستانی سکھ برادری کے رہنما سوجیت سنگھ آزاد جی نے اپنے خطاب میں سکھ مذہب کے بانی گرو نانک کے تاریخی اسفار کا ذکر کیا، جن میں ایران اور تہران کے سفر بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تقسیم کے بعد سکھ برادری اور ایران کے درمیان آمد و رفت اور باہمی روابط میں کمی واقع ہوئی، جس کے باعث ان تاریخی تعلقات کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ سکھ برادری کے پیروکاروں کے لیے تہران کے اجتماعی دوروں کا انتظام کیا جائے اور ایران میں موجود ان کے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کی زیارت کے مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوسکیں۔
مستقبل مشرقی تہذیبوں کا ہے: ڈاکٹر ایمانی پور
سمپوزیم کے آخری حصے میں تنظیمِ ثقافت و اسلامی روابط کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور نے خطاب کرتے ہوئے جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کرنے پر ہندوستانی عوام اور مختلف شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایران اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی تعلقات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے معروف امریکی دانشور سیموئل ہنٹنگٹن کے نظریۂ ’’تہذیبوں کا تصادم‘‘ کا ذکر کیا اور کہا کہ اس نظریے کے سامنے آنے کے بعد یہ سوال پیدا ہوا کہ آیا یہ محض ایک علمی نظریہ تھا یا امریکی سیاست دانوں کے لیے ایک عملی سیاسی حکمت عملی کی حیثیت رکھتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ نظریہ صرف ایک علمی بحث نہیں تھا، بلکہ اس نے تہذیبوں کے درمیان تصادم کے لیے فکری ماحول تیار کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر ایمانی پور نے حالیہ جنگوں اور عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند سو سالہ تاریخ رکھنے والی تہذیبوں اور ہزاروں سال کی تاریخ کی حامل تہذیبوں میں واضح فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پانچ ہزار سال سے زیادہ قدیم تہذیبی تاریخ رکھتا ہے۔
انہوں نے جنگ کے دوران امریکہ کے اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات کو کسی بھی منطق یا جواز کے تحت درست قرار نہیں دیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذرائع ابلاغ میں محدود کوریج اور سوشل میڈیا پر حالات کی ناکافی عکاسی کے باوجود ایرانی قوم کئی ماہ سے پوری قوت اور عزم کے ساتھ اپنی سرزمین کا دفاع کررہی ہے۔

ڈاکٹر ایمانی پور نے ایرانی قوم کی مشکلات اور اس کے عزم و حوصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’’مستقبل مشرقی قوموں کا ہے۔ مشرق سے ابھرنے والی نئی تہذیب دنیا کو ایک نیا راستہ دکھا سکتی ہے اور عالمی برادری کے لیے نئے امکانات اور کامیابیاں پیدا کرسکتی ہے۔‘‘
بلرام شکلا کو فارسی زبان و ادب کی ایرانی اکیڈمی کی رکنیت کا حکم پیش
سمپوزیم کے دوران ایران اور ہندوستان کے تاریخی، تہذیبی، لسانی اور مذہبی مشترکات کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے دونوں ملکوں کے درمیان جامعاتی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی و ادبی کتابوں کے ترجمے اور اشاعت، فارسی زبان کی تعلیم کے فروغ، مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے اور ثقافتی اداروں کے باہمی روابط کو وسعت دینے پر زور دیا۔
تقریب کے ایک اہم حصے میں پروفیسر بلرام شکلا کو ایران کی فرهنگستان زبان و ادب فارسی (فارسی زبان و ادب کی اکیڈمی) کی رکنیت کا اعزازی حکم پیش کیا گیا۔ یہ حکم ڈاکٹر غلام علی حداد عادل کے دستخط سے جاری ہوا ہے، جسے تنظیمِ ثقافت و اسلامی روابط کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور نے بلرام شکلا کی خدمت میں پیش کیا۔

اسی موقع پر پروفیسر قمر غفار کی تصنیف ’’بیدل در آئینہ دل‘‘ کی بھی رونمائی عمل میں آئی۔ اس کتاب میں فارسی کے نامور شاعر میرزا عبدالقادر بیدل دہلوی کے منتخب اشعار کو ہندی، انگریزی، اردو، روسی اور فارسی زبانوں میں پیش کیا گیا ہے۔ بیدل دہلوی فارسی شاعری کے ممتاز ناموں اور سبکِ ہندی کے عظیم شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔

یہ سمپوزیم ایران اور ہندوستان کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی، علمی اور ثقافتی تعلقات کو نئی جہت دینے کی ایک اہم کوشش ثابت ہوا۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کا مشترکہ تہذیبی ورثہ محض ماضی کی یادگار نہیں، بلکہ باہمی دوستی، علمی تعاون، مذہبی ہم آہنگی اور پائیدار تعلقات کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔










آپ کا تبصرہ