منگل 18 اگست 2026 - 15:53
ایران و ہندوستان خطے میں امن و خوشحالی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں: نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان

حوزہ/ ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے ایران اور ہندوستان کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے ایران اور ہندوستان کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے یہ پیغام 15 اگست یومِ آزادی ہندوستان کے موقع پر جاری کیا۔ انہوں نے حکومتِ ہند اور ہندوستان کے عوام کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے ہندوستان کے امن، استحکام، اتحاد، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے ہندوستان کو عظیم اور قدیم تہذیب کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی رنگارنگ ثقافتی، مذہبی، لسانی اور قومی خصوصیات اسے دنیا میں منفرد مقام عطا کرتی ہیں۔ ہندوستان کی آزادی ان مرد و خواتین کی طویل جدوجہد، عزم اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے وطن کی آزادی اور سربلندی کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں۔

ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے نے قومی یکجہتی، باہمی احترام، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کو ہندوستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

انہوں نے ایران اور ہندوستان کے تعلقات کو محض سفارتی روابط تک محدود نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات دو عظیم تہذیبوں اور اقوام کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور تمدنی روابط پر استوار ہیں۔ بالخصوص زبان و ادب، علم و دانش، فنون اور ثقافت کے میدان میں دونوں اقوام کے درمیان قدیم روابط اور باہمی اثرات ایک قیمتی مشترکہ ورثے کی حیثیت رکھتے ہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین حکیم الٰہی نے مزید کہا کہ یہ تاریخی اور تہذیبی روابط آج بھی ایران اور ہندوستان کے درمیان باہمی مفاہمت، دوستی اور تعاون کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، علمی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور ہندوستان ان مشترکہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کریں گے اور دونوں اقوام خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔

آخر میں انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ہندوستان کو امن، استحکام، اتحاد، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے اور اس کے عوام کو مزید عزت و سربلندی نصیب کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha