اتوار 22 نومبر 2026 - 14:18
ایران کے ادارۂ ثقافت و روابط اسلامی کے سربراہ کی ہندوستانی وزیر ثقافت سے ملاقات، دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ ثقافتی پروگراموں اور تعاون کے فروغ پر زور

حوزہ/ ایران اور ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ملکوں میں ثقافتی ہفتے منعقد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس موقع پر ایران کے ادارۂ ثقافت و روابط اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود تہذیبی اور ثقافتی مشترکات کو عملی تعاون اور مشترکہ پروگراموں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ملکوں میں ثقافتی ہفتے منعقد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس موقع پر ایران کے ادارۂ ثقافت و روابط اسلامی (سازمان فرہنگ و ارتباطات اسلامی) کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود تہذیبی اور ثقافتی مشترکات کو عملی تعاون اور مشترکہ پروگراموں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

ادارۂ ثقافت و روابط اسلامی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق، نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے اجلاس کے موقع پر ایران کے ادارۂ ثقافت و روابط اسلامی کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مہدی ایمانی پور نے ہندوستان کے وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیکھاوت سے ملاقات کی۔ اس اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے ثقافت، اعلیٰ ثقافتی حکام اور فن و ادب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

ملاقات میں ایمانی پور نے ہندوستانی حکومت کی جانب سے اجلاس کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا افتتاحی خطاب اہم اور رہنمائی کرنے والا تھا۔ انہوں نے حالیہ جنگ کے دوران ایرانی عوام کے ساتھ ہندوستانی حکومت اور عوام کی ہمدردی کو بھی دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور تہذیبی مشترکات موجود ہیں، جو دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مشترکات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ثقافتی تعاون کے عملی منصوبے تیار کیے جائیں۔

ایرانی وفد کے سربراہ نے اس سلسلے میں دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کے ثقافتی ہفتے منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے روس میں منعقد ہونے والے ایران کے ثقافتی ہفتے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام میں 30 مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 168 فنکاروں نے چار اہم شہروں میں اپنے فن اور ثقافت کو پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر ہندوستان اور ایران میں بھی ثقافتی پروگرام منعقد کیے جا سکتے ہیں، جن کے ذریعے دونوں ملکوں کے فن، ادب، تہذیب اور ثقافتی صلاحیتوں کو متعارف کرایا جا سکے گا۔

ایمانی پور نے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے واضح نکات پر مشتمل مفاہمت نامے پر دستخط کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات مختلف شعبوں میں آگے بڑھے ہیں، لیکن ثقافتی میدان میں دوستانہ بیانات سے آگے بڑھ کر سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر ہندوستان کے وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیکھاوت نے ایرانی عوام کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور ایران کے تاریخی و ثقافتی آثار کو نقصان پہنچنے پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آثار صرف ایران ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔

ہندوستانی وزیر نے دونوں ملکوں کے تاریخی اور تہذیبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فارسی زبان کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارسی ہندوستان کے لیے محض ایک غیر ملکی زبان نہیں ہے بلکہ اس کی تاریخ، ثقافت اور تہذیبی شناخت میں گہری جڑیں رکھتی ہے۔

انہوں نے ایران کی جانب سے پیش کی گئی ثقافتی ہفتوں کے انعقاد کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور اس پر عمل درآمد کے لیے ہندوستان کی آمادگی ظاہر کی۔

ملاقات میں ہندوستان میں ایران کے سفیر محمد فتح علی اور نئی دہلی میں ایران کے ثقافتی مشیر فریدالدین فریدعصر بھی موجود تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha