جمعہ 20 نومبر 2026 - 04:50
کامیاب سماجی تحریک کے لیے مضبوط فکری بنیادیں اور نوجوان نسل سے ہم آہنگ زبان ضروری ہے

 حوزہ / حوزہ علمیہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے سازمان بسیج مستضعفین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین حسین طائب سے ملاقات میں موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق بسیج کی سماجی، ثقافتی، علمی اور اقتصادی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے چھ بنیادی اور تزویراتی محور پیش کیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر قم المقدسہ میں ہونے والی اس ملاقات میں آیت اللہ اعرافی نے بسیج کی موجودہ صلاحیتوں اور معاشرتی کردار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا: بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اس ادارے کی صلاحیتوں کو ازسرنو منظم اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی معیشت کی نجات عوام کی حقیقی شرکت اور عملی میدان میں ان کی مؤثر شمولیت میں مضمر ہے۔

انہوں نے پہلے محور کی وضاحت کرتے ہوئے نوجوان نسل میں احساسِ مشارکت اور ملک کے مستقبل کی تعمیر میں اپنی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا: محض نوجوانوں کی شرکت کافی نہیں بلکہ انہیں یہ احساس بھی ہونا چاہیے کہ وہ ملک کی تعمیر، معاشرتی ترقی اور انقلاب اسلامی کی پیش رفت میں حقیقی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق احساسِ تعلق اور مشارکت نوجوانوں کی شخصیت، خود اعتمادی اور ذمہ داری کے شعور کو پروان چڑھاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے بسیج کی تمام سرگرمیوں میں اس سوچ کو بنیادی حیثیت دی جانی چاہیے۔

آیت اللہ اعرافی نے دوسرے محور کے تحت سماجی تحریکوں کی رہنمائی کے لیے مؤثر فکری بیانیہ اور دل نشین ادبیات کی تشکیل کو ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کامیاب سماجی تحریک کے لیے واضح نظریات، مضبوط فکری بنیادیں اور ایسی زبان درکار ہوتی ہے جو نوجوان نسل کے احساسات اور ذہنی رجحانات سے ہم آہنگ ہو۔ حالیہ واقعات اور تبدیلیوں نے معاشرے میں نئے فکری بیانیے کی تشکیل کے لیے مناسب فضا فراہم کی ہے، جس سے استفادہ کرتے ہوئے حوزہ علمیہ، یونیورسٹیوں اور ثقافتی حلقوں کے مفکرین کو مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے۔

کامیاب سماجی تحریک کے لیے مضبوط فکری بنیادیں اور نوجوان نسل سے ہم آہنگ زبان ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی نے تیسرے محور میں مصنوعی ذہانت (AI / آرٹیفیشل انٹیلی جنس) اور علومِ شناختی (Cognitive Sciences) کے تیز رفتار ارتقا کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ملک کو ان شعبوں میں درپیش علمی اور تکنیکی پسماندگی پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت کی تبدیلیاں صرف ٹیکنالوجی تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ الٰہیات، فقہ، کلام اور دیگر اسلامی علوم پر بھی ان کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس لیے ان شعبوں میں تحقیق، منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کو تیز کرنا ناگزیر ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے کہا: حوزہ علمیہ میں فقہِ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے علمی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ممتاز یونیورسٹیوں کے اساتذہ بھی علمی نشستوں میں شریک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے چوتھے محور میں ملک کے علمی سرمائے، خصوصاً ممتاز صلاحیتوں اور باصلاحیت نوجوانوں کے تحفظ اور رہنمائی کو اہم قومی ضرورت قرار دیا۔ ان کے مطابق مسئلہ صرف ممتازین کی بیرون ملک ہجرت روکنے کا نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کو ملک کی علمی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی ترقی کے لیے بروئے کار لانے کا ہے۔

مدیر حوزہ علمیہ نے بسیج کی جانب سے ممتاز طلبہ اور اعلیٰ تعلیمی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کی شناخت، جذب اور رہنمائی کے لیے ایک منظم نظام قائم کرنے کی تجویز کو قابلِ قدر قرار دیا اور کہا: اس مقصد کے لیے انتظامی احکامات کے بجائے ماہر اور باصلاحیت افراد پر مشتمل مؤثر نظام درکار ہے۔

کامیاب سماجی تحریک کے لیے مضبوط فکری بنیادیں اور نوجوان نسل سے ہم آہنگ زبان ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی نے پانچویں محور کے تحت اقتصادی میدان میں عوامی مشارکت اور نجی شعبے کی فعالیت بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا: ملک کی معیشت کی نجات عوام کی حقیقی موجودگی اور عملی مشارکت میں ہے۔ حکومت کی ذمہ داری عوامی صلاحیتوں کی رہنمائی اور نگرانی ہے، نہ کہ ان کی جگہ تمام امور اپنے ہاتھ میں لینا۔ انہوں نے کہا: تفکرِ بسیجی کو اقتصادی میدان میں بھی متعارف کرانا چاہیے کیونکہ ایمان، اخلاص، جذبۂ خدمت اور عوامی صلاحیتوں پر اعتماد ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

چھٹے محور میں انہوں نے انقلاب اسلامی کے پیغام کی عالمی سطح پر ترویج اور بین الاقوامی روابط کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں انقلاب اسلامی کے حوالے سے عالمی رائے عامہ میں غیر معمولی دلچسپی اور توجہ پیدا ہوئی ہے، جو ایک اہم تاریخی موقع ہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک کے عوام کے ساتھ مؤثر رابطے قائم کرنے اور ان کے سوالات کے علمی و فکری جوابات دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے فقہ معاصر، مرکز مطالعات و پاسخ گویی بہ شبہات، فلسفہ ہائے مضاف، علمی انجمنوں اور اقتصادِ مقاومتی سے متعلق سرگرمیوں کو مشترکہ تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔

کامیاب سماجی تحریک کے لیے مضبوط فکری بنیادیں اور نوجوان نسل سے ہم آہنگ زبان ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی نے تجویز پیش کی کہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے عملی امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشترکہ علمی و تخصصی کمیٹی تشکیل دی جائے اور تقریباً ایک ماہ کے اندر اس حوالے سے جامع رپورٹ تیار کی جائے۔ ان کے مطابق مقصد محض مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنا نہیں بلکہ پانچ سالہ عملی منصوبہ تشکیل دینا ہونا چاہیے، جس میں ہر سال کے اہداف، ذمہ داریاں اور قابلِ جانچ اقدامات واضح ہوں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حوزہ علمیہ اور بسیج اپنی علمی، ثقافتی، سماجی اور عوامی صلاحیتوں کو یکجا کرکے انقلاب اسلامی اور معاشرے کی خدمت میں زیادہ مؤثر کردار ادا کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ملاقات کے آغاز میں سازمان بسیج مستضعفین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین حسین طائب نے بسیج کے ہفتہ سمیت ادارے کے اہم پروگراموں، سرگرمیوں اور مجموعی منصوبہ بندی کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی۔

کامیاب سماجی تحریک کے لیے مضبوط فکری بنیادیں اور نوجوان نسل سے ہم آہنگ زبان ضروری ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha