تحریر: عادل فراز
حوزہ نیوز ایجنسی| امریکی سیاست میں ٹرمپ کی واپسی کو سیاسی اور معاشی انقلاب کا عندیہ قرار دیا جارہا تھا۔ ان کی واپسی کو محض ایک سیاسی رہنما کی کامیابی نہیں بلکہ امریکی قوم پرستی، معاشی تحفظ اور عالمی بالادستی کے ایک نئے بیانیے کی فتح قرار دیاگیا تھا۔امریکی عوام کو یہ باور کروایا گیا تھا کہ وہ امریکہ کو ایک مرتبہ پھر عظیم بنائیں گے ۔داخلی معیشت کا نقشہ بدل جائے گا۔ مہنگائی پر قابو پائیں گے اور امریکہ کو ایسی جنگوں سے دور رکھیں گے جن سے انسانی جانوں کا نقصان اور امریکی وسائل کی بربادی ہوتی ہے۔ امریکی عوام بھی رپبلکن پارٹی کے دھوکے میں آگئے جب کہ وہ ٹرمپ کا پہلا دور اقتدار بھگت چکے تھے ۔لیکن کہتے ہیں ’اچھے دنوں ‘کی آس میں عوام ہوش وحواس کھوبیٹھتے ہیں ۔اقتدار کے دو سال مکمل ہونے سے پہلے ہی ان کے سیاسی دعوئوں اور عملی پالیسیوں کے درمیان پیداہونے والا تضاد امریکی سیاست میں بڑے زلزلے کاسبب بن گیا۔3 نومبر 2026 کے وسط مدتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کی شکست نے ثابت کردیاکہ امریکی عوام محض نعروں اور طاقت کے مظاہروں سے مطمئن نہیں ہوسکتے ۔امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں کامیابی حاصل کرکے ری پبلکن پارٹی کو اقتدار کے ایک اہم سیاسی محاذ سے باہر کردیا ہے۔ اب سوال یہ نہیں ہے کہ ٹرمپ امریکی سیاست میں کتنے طاقت ور ہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنی ہی جماعت کو اس سیاسی بحران سے نکال پائیں گے جس کی بنیاد ان کی پالیسیوں نے رکھی ہے؟اس شکست کے اسباب میں مہنگائی، معاشی بے یقینی، انتظامی بدعنوانی اور ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، لیکن ایران کے ساتھ جاری جنگ نے ان تمام مسائل کو ایک دوسرے سے جوڑ کر امریکی عوام کی زندگی کا حصہ بنادیا۔اسرائیل میں بھی نتن یاہو کو غزہ میں معصوم انسانوں کی نسل کشی کا فائدہ نہیں ہوا۔انہیں بھی انتخاب میں بدترین ہزیمت اٹھانی پڑی ۔نتن یاہو کی کرسی خطرے میں ہے جس کی محبت وہ جنگ کو اس مرحلے تک لے کر آئے تھے ۔
امریکی سیاست کا ایک بنیادی تضاد یہ رہا ہے کہ وہاں انتخابی مہم کے دوران بیرونی جنگوں سے اجتناب اور داخلی مسائل کے حل کے وعدے کیے جاتے ہیں، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد عالمی بالادستی کے تقاضے ان وعدوں پر غالب آجاتے ہیں۔ یہ صورت حال امریکہ میں نئی نہیں بلکہ ہمیشہ اس کا مشاہدہ کیا جاتا رہا ہے۔ ہر نئے صدر نے دنیا میں عدم استحکام کو نئی سمت دی ۔تیل کے ذخائر پر قبضے کے لئے جنگ کے الگ الگ بہانے تلاش کئے گئے ۔کامیابی تو امریکہ کوکہیں حاصل نہیں ہوسکی مگر انسانی جانوں کا نقصان بہت ہوا۔خاص طورپر عراق ،افغانستان اور شام میں ہم نے امریکی ناکامی کو بہت قریب سے دیکھاہے ۔ٹرمپ نے بھی سابقہ صدور کی طرح غیر ضروری جنگوں کی مخالفت کی تھی ۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک کے تنازعات میں الجھنے کے بجائے اپنی معیشت اور عوام کی خوش حالی پر توجہ دینی چاہیے۔ لیکن ایران کے خلاف جنگ نے ان کے اسی بیانیے کو طشت از بام کردیا۔ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے نتائج صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، خلیجی خطے میں عدم استحکام، توانائی کی عالمی منڈیوں میں بے یقینی اور تیل و گیس کی قیمتوں میں اضافے نے امریکی معیشت کو بھی متاثر کیا۔یہاں ایک اہم پہلو قابل غور ہے کہ ایران جنگ کے خلاف امریکی عوام کی ناراضگی کو محض ایران کے ساتھ ہمدردی یا مشرق وسطیٰ کی سیاست سے اختلاف کا نتیجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ امریکی معاشرے کا ایک بڑا طبقہ اس بات پر سوال اٹھا رہا ہے کہ آخر امریکہ کو ایک ایسی جنگ میں کیوں الجھایا گیا جس کے مقاصد، مدت اور اختتام کے بارے میں کوئی واضح ضمانت موجود نہیں؟ کیا ایران کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال امریکہ کو زیادہ محفوظ بناسکا؟ کیا اس جنگ سے امریکی معیشت کو کوئی فائدہ پہنچا؟ اور کیا اس تصادم نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اثر و رسوخ کو مضبوط کیا یا مزید پیچیدہ؟ان سوالات کے جواب نہ تو ٹرمپ دے سکتے ہیں اور نہ ریپبلکن پارٹی۔
انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ایران جنگ کے مستقبل کا ہے۔ اگر وہ جنگ جاری رکھتے ہیں تو انہیں اپنی ہی جماعت کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت اور کانگریس میں ڈیموکریٹس کی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ایوان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہوگی لہذا ان کے فیصلوں کا احتساب بھی کیاجائے گا۔جنگ جاری رہی تو امریکہ کے ساتھ دنیا میں مزید معاشی عدم استحکام بڑھے گا۔دوسری طرف اگر وہ جنگ سے پیچھے ہٹتے ہیں تو یہ ان کی سیاسی ساکھ اور اس بیانیے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہوگا جس کے تحت انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو امریکی سلامتی کی ناگزیر ضرورت قرار دیا تھا۔اس صورت حال میں جنگ بندی یا مذاکرات کی طرف واپسی ایک ممکنہ راستہ ضرور ہے، لیکن یہ عمل بھی آسان نہیں ہوگا۔ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے سیاسی، معاشی اور تزویراتی نتائج نے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو شدید متاثر کیا ہے۔ امریکہ سے تصادم کے نتیجے میں ایران کو نقصان ضرور اٹھاناپڑامگر اس کی عالمی حیثیت میں مزید اضافہ ہوا۔یہی وجہ ہے کہ ایران اب امریکی شرائط پر معاہدے کے لئے تیار نہیں بلکہ وہ اپنے شرائط کے ساتھ معاہدے کی بات کررہاہے ۔امریکی سیاسی مبصرین کے نزدیک ٹرمپ کے لیے ایک اور خطرہ یہ ہے کہ وہ انتخابی شکست کے بعد اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے کسی نئے فوجی محاذ پر زیادہ جارحانہ رویہ اختیار کرسکتے ہیں۔ جب کہ ٹرمپ بار بارکہہ چکے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کریں گے مگر ان کی حماقتوں سے کچھ بعید نہیں ۔البتہ ٹرمپ کو معلوم ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا خمیازہ سب سے زیادہ اسرائیل کو بھگتناپڑےگا۔اسرائیل بھی اس حقیقت کو بخوبی جانتاہے لہذا جوہری جنگ کی نوبت نہیں پہنچے گی ۔
ٹرمپ کی شکست کے اثرات صرف امریکی سیاست تک محدود نہیں رہیں گے۔ اس انتخابی نتیجے نے دنیا کے ان ممالک کو بھی ایک پیغام دیا ہے جو امریکی خارجہ پالیسی کے دباؤ کا سامنا کررہے ہیں۔ اس سے یہ حقیقت ایک مرتبہ پھر سامنے آئی ہے کہ کسی بڑی عالمی طاقت کی فوجی اور اقتصادی قوت اپنی جگہ، لیکن اس کے داخلی سیاسی حالات اور عوامی ترجیحات بھی اس کی عالمی حکمت عملی کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس جنگ کو امریکی طاقت کے اظہار کا ذریعہ سمجھا جارہا تھا، وہی جنگ امریکی عوام کے ایک بڑے طبقے کے لیے معاشی مشکلات اور سیاسی بے چینی کا سبب بن گئی۔ امریکی عوام کے حالیہ فیصلے نے کم از کم اتنا ضرور واضح کردیا ہے کہ طاقت کی سیاست کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ عالمی بالادستی کے خواب اگر داخلی معاشی مسائل، عوامی توقعات اور جمہوری تقاضوں کو نظر انداز کرنے لگیں تو ان کی قیمت صرف بیرونی محاذوں پر نہیں بلکہ خود اقتدار کے ایوانوں میں بھی ادا کرنا پڑتی ہے۔ ایران جنگ کے تناظر میں ٹرمپ کی شکست اسی حقیقت کا ایک نمایاں سیاسی اظہار ہے۔
امریکہ کے خلاف جنگ میں ایران کی نمایاں کامیابی نے استعماری طاقتوں کو دم بخود کردیا ہے۔ اب یہ طاقتیں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں سے زیادہ فکری اور نظریاتی محاذ پر مقابلے کی حکمت عملی اختیار کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔ یہ لڑائی انقلاب کی کامیابی کے پہلے دن ہی شروع ہوگئی تھی، لیکن اب اس میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ استعمار نے مختلف تنظیموں، اداروں، شخصیات اور افراد کو متحرک کردیا ہے، جو انقلابِ ایران کو بدنما کرکے پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بعض تنظیمیں امریکہ، لندن اور دوسرے ممالک میں سرگرم ہیں، جب کہ کچھ ہندوستان میں بھی فعال ہیں۔ ان کا مقصد منبر و محراب پر مظلوموں کے ذکر اور ظالم کی مخالفت کو محدود کرنا ہے، تاکہ وہاں روایتی گفتگو ہوتی رہے اور عوام ظالم و مظلوم کے فرق کو پہچاننے سے محروم رہیں۔ اس مقصد کے لیے بعض علماء کو بھی استعمال کیا جارہا ہے، تاکہ عوام کو انقلابِ ایران سے بدگمان کیا جاسکے۔ ان کی بنیادی کوشش مسلمانوں کے درمیان اختلاف کو فروغ دینا ہے، کیونکہ جب بھی اتحاد کی فضا سازگار ہوتی ہے، استعمار کے مفادات کو ٹھیس پہنچتی ہے۔ لہٰذا اس وقت غیر معمولی ہوشیاری اور بیداری کی ضرورت ہے، تاکہ استعمار اپنے منصوبوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔










آپ کا تبصرہ